پٹس برگ(امت نیو ز/ایجنسیاں ) امریکی ریاست پینسلوانیا میں گورے انتہاپسند کی معبد خانے میں اندھا دھند فائرنگ سے 11 یہودی ہلاک اور4پولیس اہلکاروں سمیت 6افرادزخمی ہوگئے ۔غیر ملکی خبررساں اداے کے مطابق پولیس نے حملہ آور46 سالہ روبرٹ بوورز کو گرفتار کرلیا ،جب کہ وہ حملے سے قبل نعرہ لگارہاتھاکہ سب یہودیوں کو ماردینا چاہئے ۔واقعہ پر پولیس نے پورا علاقہ سیل کردیا جب کہ شہری گھروں میں محصور ہوگئے ۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واقعہ پر ردعمل میں کہا ہے کہ ہمارے ملک میں نفرت انگیز واقعات بڑھ رہے ہیں ۔حملے میں متعدد افراد ہلاک ہوئےجس کی تحقیقات کی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روزامریکی ریاست پینسلوانیا میں یہودی عبادت گاہ میں فائرنگ کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔فائرنگ کا واقعہ پٹس برگ شہر میں یہودیوں کی عبادت گاہ میں پیش آیا جہاں حملے کے وقت 80 سے 100 افراد موجود تھے۔برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق حملہ آور46 سالہ سفید فام روبرٹ بوورز نے فائرنگ کرکے معبد خانے کا دروازہ توڑااور گراؤنڈ فلور پر موجود 50 افراد پراندھادھند فائرنگ کردی ۔اطلاعات کے مطابق یہاں 7 افراد موقع پر ہلاک ہوگئے جس کے بعد معبدخانے کی بیسمنٹ کی جانب بھاگا اور وہاں موجود افراد پر گولیاں برسائیں ۔جبکہ وہ مسلسل نعرہ لگا رہا تھا کہ تمام یہودیوں کو ماردینا چاہئے ۔بیسمنٹ میں فائرنگ سے 4 افراد مارے گئے ۔جب کہ حملہ آور دوبارہ اوپر آیاجہاں اس نے پولیس پر فائرنگ کردی جس سے 4 اہلکار زخمی ہوگئے۔حملے کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری نے معبد خانے کو گھیرے میں لے کر حملہ آور کو گرفتار کرلیا۔ حکام نے اس واقعے میں 11 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق فائرنگ کے شروع ہوتے ہی عبادت گاہ میں بھگدرمچ گئی اور لوگ اپنی جانیں بچانے کے لیے پناہ ڈھونڈتےرہے۔ جب کہ 2زخمیوں کی حالت تشویشنا ک ہے ۔ لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیاگیا ہے۔دریں اثنا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹر پر رد عمل میں کہا کہ ہمارےملک میں نفرت انگیز واقعات بڑھ رہے ہیں ، کئی سال سے ایسے واقعات ہورہے ہیں جو شرمناک ہیں، عبادت گاہ کی سیکورٹی اچھی ہوتی توایسا واقعہ نہ ہوتا، ایسےجرائم پر سزائے موت کا قانون سخت کرناچاہیے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ پٹس برگ میں پیش آنے والا واقعہ توقع سے زیادہ نقصان دہ ہے، گورنر اور میئر سے بات کر کے انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ پینسلوانیا کے گورنر ٹوم وولف نے واقعے کو سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم دعا گو ہیں اور امید کرتے ہیں کہ مزید کوئی جانی نقصان نہ ہو۔پولیس کے مطابق یہودی عبادت گاہ کے اطراف کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔ شہریوں کو گھروں سے باہر نہ نکلنے کی تاکید کی ہے۔ امریکی شہری اسے دہشت گردی کا مذموم واقعہ قرار دے رہے ہیں۔یاد رہے کہ کچھ روز قبل امریکہ کے سابق صدور بل کلنٹن، باراک اوباما کی رہائش گاہوں سمیت وائٹ ہاؤس اور سی این این کی عمارت سے دھماکہ خیز مواد ملا تھا۔