مدارس کیلئے نیا نصاب نہ ہی کوئی پالیسی زیرغور ہے- اسد قیصر
صوابی(مانیٹرنگ ڈیسک)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہےکہ مدارس کیلئے نیا نصاب نہیں لارہے اور نہ ہی کوئی پالیسی بنائی جارہی ہے۔صوابی کے علاقے پنج پیر میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ ہم نے خیبرپختونخوا کے اسکولوں میں ترجمہ قرآن نافذ کرایا اور نصاب میں عقیدہ ختم نبوت شامل کیا، پنجاب کے نصاب میں بھی عقیدہ ختم نبوت شامل کریں گے اور اسکولوں میں ترجمہ قرآن نافذ کریں گے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ مدارس سے متعلق غلط اطلاعات پھیلائی جارہی ہیں، مدارس کیلئے نیا نصاب نہیں لارہے اور نہ ہی کوئی پالیسی بنائی جارہی ہے، میرے اور عمران خان کے رہتے ایسا کوئی کام نہیں ہوسکتا۔اسد قیصر کا کہنا تھا کہ مدارس اسلام کا قلعہ اور امن کے داعی ہیں، مدارس ہمارے لئے اولین ترجیح ہیں۔