غذر سے پنڈی جانے والی کوسٹر الٹ گئی – 17 جاں بحق
اسکردو/مانسہرہ (نمائندہ امت/مانیٹرنگ ڈیسک) اپرکوہستان میں تھانہ لوٹر کے قریب مسافر کوسٹر شاہراہ قراقرم سے گہری کھائی میں جاگری ۔پولیس کے مطابق حادثے میں 17 افراد جاں بحق ہو گئے۔جبکہ ایک خاتون معجزانہ طور پر زندہ بچ گئی ۔بدقسمت کوسٹر گلگت بلتستان کے علاقے غذر سے راولپنڈی جارہی تھی۔امدادی اداروں کو دور افتادہ پہاڑی سلسلے میں ریسکیومیں دشواری کا سامنا کرناپڑا۔تمام افراد کی میتیں داسو ہسپتال منتقل کردی گئیں۔ڈی پی او کوہستان راجا عبدالصبور کا کے مطابق لاشوں کو کھائی سے نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں تاہم پہاڑی علاقہ اور اندھیرا ہونے کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔آئی جی گلگت بلتستان ثناء اللہ عباسی کا کہنا تھا کہ کھائی سے لاشیں نکالنے کا کام جاری ہے،آئی جی خیبر پختونخوا سے رابطے میں بھی ہوں، میتوں کو آبائی علاقوں تک پہنچانے کیلئے انتظامات کر رہے ہیں۔