بھتہ خوری ختم کرنے کیلئے میئر-ڈائریکٹر انکروچمنٹ کی گرفتاری کا مطالبہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کے پارلمانی لیڈر جنید مکاتی نے شہر سے بھتہ کوری ختم کرنے کیلئے میئر کراچی اور ڈائریکٹر انکروچمنٹ بشیر صدیقی کی گرفتاری کا مطالبہ کردیا۔ امت سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ شہر میں اینٹی انکروچمنٹ ڈپارٹمنٹ بھتہ جمع کررہا ہے، میئر وسیم اختر اور پولیس سپریم کورٹ کو گمراہ کررہے ہیں، ٹھیلے، پتھارے اور تجاوزات ختم کرنے کے بجائے تاجروں کی دکانیں اور سائن بورڈ توڑے جارہے ہیں، محکمہ انسداد تجاوزات اور میئر کی موجودگی میں اگر شہر کی فٹ پاتھوں پر تجاوزات ہورہی ہیں تو یہ انکی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اینٹی انکروچمنٹ عملے نے شہر میں فی دکان دار ماہانہ 3ہزار سے 5ہزار روپے بھتہ وصولی کا ٹاسک بنالیا ہے اور جو دکان دار اس پر راضی نہیں ہورہا اس کی دکان اور سائن بورڈ مسمار کردیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر میں تجاوزات ایک ہی صورت ختم ہوسکتی ہیں کہ میئر اور ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ کو جیل میں ڈالا جائے، ان دونوں کے جیل جانے پر ہی شہر صاف ہوگا۔