اسرائیلی بمباری میں 3 فلسطینی بچے شہید

0

مقبوضہ بیت المقدس(امت نیوز) فلسطین کے مقبوضہ شہر غزہ میں اسرائیلی جنگی طیاروں کی وحشیانہ شدید بمباری میں 3 فلسطینی بچے شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔زخمیوں کو اسپتال لے جانیوالی ایمبولینس پر بھی اسرائیلی فورسز نے فائرنگ کی۔ تفصیلات کے مطابق غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کی انتہا پسند افواج کے جنگی طیاروں نے گزشتہ روز مقبوضہ غزہ کے علاقے خان یونس کو وحشیانہ بمباری کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 3 فلسطینی بچے شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ فلسطینی خبر رساں ادارے کے مطابق شہید اور زخمی افراد غزہ کی سرحد پر احتجاج کیلئے جمع تھے کہ اسرائیلی طیاروں نے نہتے مظاہرین پر بم برسانا شروع کردئیے۔ مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ بمباری میں شہید ہونیوالے خالد باسین، عبدالحمید اور محمد ابراہیم کی عمریں 13اور 14برس بتائی جارہی ہے اور خان یونس کے اسکول کے طلبہ تھے۔دوسری جانب صہیونی فورسز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ فضائی حملے میں ہلاک اور زخمی غزہ اور اسرائیل کی سرحدی باڑ کو دھماکے سے اڑانے کی کوشش کررہے تھے۔ دوسری جانب یہ بھی اطلاعات ہیں کہ جس ایمبولینس کے ذریعے زخمیوں کو اسپتال لے جایا جارہا تھا، اس پر بھی اسرائیلی فوج نے فائرنگ کی تاہم ریسکیو اہلکار انہیں بحفاظت اسپتال پہنچانےمیں کامیاب ہوگئے۔ دریں اثنامقبوضہ غزہ میں جمعہ کو احتجاج کے دوران اسرائیلی فائرنگ سے زخمی ہونے والا فلسطینی نوجوان یحیٰ بدر پیر کے روز دوران علاج دم توڑ گیا۔ 3روز قبل ہزاروں فلسطینیوں نے غزہ سرحد پر احتجاج کیا، جن پر اسرائیلی شیلنگ اور فائرنگ کے نتیجے میں 5فلسطینی شہید اور 80زخمی ہوگئے تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More