کراچی (اسٹاف رپورٹر) نواسہ رسول حضرت امام حسین ؓ کے چہلم کے موقع پر کراچی، حیدرآباد، خیرپور اور سکھر سمیت مختلف اضلاع میں حفاظتی انتظامات انتہائی سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ کراچی میں5ہزار 311 اہلکار سیکورٹی فرائض انجام دیں گے۔ جلوسوں کی فضائی نگرانی بھی ہوگی۔ داخلی وخارجی پوائنٹس پرپکٹنگ سمیت مرکزی مساجد، امام بارگاہوں، مزارات،درگاہوں کے علاوہ اقلیتی برادری کے مذہبی مقامات پر سیکورٹی اہلکار تعینات کر دئیے گئے ہیں۔ صوبے میں امن و امان بحال رکھنے کے حوالے سے محکمہ داخلہ سندھ اور سینٹرل پولیس آفیس میں مختلف اجلاس ہوئے جن میں محکمہ داخلہ کے حکام، اعلیٰ پولیس و رینجرز کے افسران، خفیہ اداروں کے صوبائی حکام نے شرکت کی۔ اجلاسوں میں فیصلہ کیا گیا کہ متعلقہ اضلاع کے لحاظ سے ہر سطح پر غیرمعمولی حفاظتی اقدامات پر مشتمل کنٹی جنسی پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔ پاکستان رینجرز سندھ اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں سے روابط کو ممکن بنایا جائے۔ اسنیپ چیکنگ اور پیٹرولنگ کے عمل میں مرکزی شاپنگ سینٹرز،مارکیٹوں، صنعتی و تجارتی زونز، پرہجوم پبلک مقامات،اہم تنصیبات اور عمارتوں پر لازمی طور پر فوکس رکھا جائے ۔ محکمہ داخلہ میں ہونے والے اجلاس کے فیصلے کی روشنی میں صوبے کے مختلف اضلاع میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کا بھی نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔اس کے مطابق ضلع مٹیاری، ٹنڈو الہیار، سجاول، شہید بےنظیر آباد، لاڑکانہ، سکھر، کشمور، جامشورو، ٹھٹہ ، میرپور خاص میں ڈبل سوار ی پر منگل 30 اکتوبر کی شب 10 بجے تک پابندی عائد رہے گی جبکہ داد اور سانگھڑ میں 31 اکتوبر تک اور ضلع خیرپور میں 2 نومبر تک پابندی عائد رہے گی۔ واضح رہے کہ کراچی میں آج سے کل رات 10بجے تک ڈبل سواری پر پابندی رہے گی ۔کراچی میں موبائل فون سروس آج صبح 10بجے سے رات 8 بجے تک جلوس کے راستے نشتر پارک سے حسینیہ ایرانیہ امام بارگاہ تک بند رکھنے کی تجویز ہے۔