کراچی(اسٹاف رپورٹر) حساس ادارے، رینجرز اور پولیس کی شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں میں اسلم مجاہد کے قاتل سمیت پی ایس پی کے 2 ٹارگٹ کلرز پکڑے گئے۔ دیگر چھاپوں میں 28 ملزمان کو گرفتار کرکے قبضے سے اسلحہ منشیات اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق لانڈھی میں حساس ادارے نے کارروائی کرتے ہوئے ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث پی ایس پی کے ٹارگٹ کلر فاروق ملک کو حراست میں لے کر تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ ذرائع کے مطابق ٹارگٹ کلر فاروق ملک اسلم مجاہد کے قتل سمیت ڈھائی سو سے زائد ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث ہے۔ترجمان سندھ رینجرز کے اعلامیہ کے مطابق سعودآباد کے علاقے میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم طلحہ صدیقی کو گرفتار کیا جو ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے،ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم حال ہی میں متحدہ سے پی ایس پی میں شامل ہوا تھا۔ کلفٹن کے علاقے میں رینجرز نے 4 ملزمان مزمل حسین عرف جادوگر، محمد یاسر عرف چپاتی، آصف احمد عرف شیرا اور سید صادق علی عرف چھوٹا کو، کھوکھرا پار کے علاقے میں رینجرز اور پولیس نے 3ملزمان سنی، محمد راحیل احمد قریشی اور محمد بابر عرف بابر کالا ،سہراب گوٹھ پولیس نے مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا۔عزیز آباد پولیس نے 2 منشیات فروشوں شعیب احمد خان اور اسد علی کو سعود آباد پولیس نے 2ملزمان محمد نصیر اور عبدالباسط عرف نونو کو، سولجر بازار پولیس نے 2 ملزمان عمران اور جولیس کو، پریڈی پولیس نے ملزم محمد وقاص کو، محمود آباد پولیس نے منشیات فروش مہتاب علی شاہ عرف شانی بادشاہ کو ،بغدادی پولیس نے ملزم شکیل کو ،سچل پولیس نے ملزم محمد حسن کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ سول لائن پولیس نے دو منشیات فروش بابر عرف ملنگا اور شاہ خالد کو، کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے 3 ملزمان نسیم، محمد عالم اور سجاد کو گلشن اقبال پولیس نے دو ملزمان ہارون اور بابر ، گذری پولیس نے اسٹریٹ کرائم میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کرکے قبضے سے اسلحہ، پانچ چھینے گئے موبائل فونز اور چار پرس برآمد کرلئے۔