الطاف کی حوالگی کیلئے برطانیہ سے رابطے کی تیاریاں مکمل
اسلام آباد (خبرنگارخصوصی)وفاقی وزارت داخلہ نے عمران فاروق قتل کیس میں نامزد بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کی پاکستان حوالگی کےلیے برطانیہ سے رابطہ کرنے کے لیے ایف آئی اےکی استدعا منظور کرتے ہوئے سفارتی ذرائع سےبرطانوی حکومت سے رابطہ کا فیصلہ کیاہے۔ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ کے سربراہ مظہر الحق کاکا خیل کی جانب سے بانی ایم کیوایم کی پاکستان حوالگی کے لیے وزارت داخلہ کو درخواست بھجوائی گئی تھی ۔ذرائع کےمطابق وزارت داخلہ سے منظوری کے بعد الطاف حسین کی پاکستان حوالگی کی درخواست وزارت خارجہ کو بھجوائی جائے گی جواس معاملے پربرطانوی وزارت خارجہ سے رابطہ کریگی اور برطانوی حکومت کو باضابطہ درخواست دے گی ۔ایف آئی اے کی درخواست کے ساتھ عمران فاروق قتل کیس کا چالان ، جے آئی ٹی رپورٹ سمیت دیگر دستاویزات منسلک کی گئی ہیں۔ 50 سالہ ڈاکٹر عمران فاروق کو 16 ستمبر 2010 کو لندن میں ان کی رہائش گاہ کے باہر قتل کیا گیا تھا جس کا مقدمہ 2015میں درج ہوا۔جبکہ وزارت داخلہ نے ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کے ریڈ وارنٹس کے لیے انٹرپول سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے۔