ڈھاکہ (امت نیوز) بنگلہ دیش کی بھارت نواز وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کی ایما پرالیکشن قریب آتے ہی اپوزیشن رہنما خالدہ ضیا کی سزا میں مزید 5 برس کا اضافہ کردیاگیا ۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق بنگلہ دیش کے ہائی کورٹ نے پراسیکیوٹر کی اپیل پر خالدہ ضیا کے خلاف کرپشن کیس میں 5سال قید کی سزا بڑھا کر 10سال کردی ہے، سابق بنگلہ دیشی وزیر اعظم اس کیس میں پہلے ہی سے جیل میں قید ہیں۔ خالدہ ضیاکو گزشتہ روز چیریٹی ادارے کی رقم غیرقانونی طریقے سے جمع کرنے الزام میں 7سال قید کی سزا سنائی گئی تھی، عدالتی فیصلے کے خلاف خالدہ ضیا کی جماعت بنگلہ دیش نیشنل پارٹی نے ملک بھر میں احتجاجی مارچ کا اعلان کیا ہے۔ جبکہ دسمبر میں عام انتخابات ہونے جارہے ہیں، سزاؤں کے باعث خالدہ ضیاء انتخابات میں حصہ نہیں لے سکیں گی ۔اپوزیشن رہنماؤں کا کہنا ہے کہ الیکشن قریب آنے پر حسینہ واجد کیلئے راستہ صاف کردیا گیا ہے ۔