سعودی پراسیکیوٹر کے ترک ہم منصب سے پھر مذاکرات
انقرہ(امت نیوز)ترکی کا دورہ کرنے والی سعودی عرب کے پراسیکیوٹر سعود المجیب نے منگل کو دوسری بار ترک ہم منصب عرفان فدان سے مذاکرات کئے اور استنبول میں واقع سعودی قونصلیٹ کا مشترکہ دورہ کیا ۔ترک وزیر خارجہ مولود چاؤش اوگلو کا کہنا ہے کہ سعود المجیب کو اہم معلومات دی گئی ہیں ۔ انہوں نے سعودی عرب پر زور دیا کہ وہ خشوگی قتل کیس کی تحقیقات کو جلد مکمل کرے اور پورا سچ بے نقاب کرے۔ سعودی پراسیکیوٹر کے دورے کے مفید نتائج نکلنے کی امید ہے۔ پارلیمنٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترک صدر رجب طیب اردوغان نے کہا ہے کہ ترک پراسیکیوٹر نے سعودی پراسیکیوٹرسے مذاکرات کے دوران صحافی خشوگی کو قتل کرنے والی18رکنی ٹیم کو بھیجنے والے کا نام فراہم کرنے کا باضابطہ مطالبہ کر دیا ہے ۔سعودی حکام کو گرفتار18سعودی شہریوں پر ترکی میں بھی مقدمہ چلانے سے آگاہ کیا گیا ۔