700 فیڈر بند ہونے پر کے الیکٹرک کو 20 لاکھ کا معمولی جرمانہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیپرا نے بیک وقت 700 فیڈرز کی بندش پر کے الیکٹرک کو 20 لاکھ روپے کا معمولی جرمانہ کردیا، گزشتہ سال بارشوں کے دوران شہریوں کو مسلسل 24 سے 48 گھنٹے بجلی بندش کا سامنا کرنا پڑا تھا، نیپرا نے کے الیکٹرک کے کمزور ڈسٹری بیوشن سسٹم کو غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ قرار دیتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نیپرا نے کے الیکٹرک کے ناقص بجلی ترسیل کے نظام کو خطرات سے بھرپور قرار دیتے ہوئے20لاکھ روپے جرمانہ کر دیا۔ ترجمان نیپرا کے بیان میں کہا گیا ہے کہ میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال 28جون کو بارشوں کے دوران کے الیکٹرک کے 700فیڈرز ٹرپ ہوئے، جس کے باعث شہر کے 50فیصد علاقوں میں بجلی فراہمی معطل ہوئی، فیڈرز ٹرپ ہونے پرشہریوں کو 24سے 48گھنٹے تک بجلی بندش کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ کرنٹ لگنے سے حادثات و ہلاکتیں بھی ہوئیں ،بجلی بندش پراتھارٹی نے نوٹس لیا اور کے الیکٹرک سے تفصیلی جواب طلب کیا۔ کے الیکٹرک کی جانب سے نیپرا کو جمع کروائی گئی رپورٹ کے مطابق 28جون 2017کو کے الیکٹرک کے 600فیڈر ٹرپ ہوئے، جبکہ اگلے ہی روز 29جون کو مزید 400فیڈر ٹرپ ہوئے، جس کے باعث شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی 48گھنٹے تک معطل رہی ۔ نیپرا ترجمان کے مطابق کے الیکٹرک کی ناقص کارکردگی پر اتھارٹی نے قانونی کارروائی کا آغاز کیا اور 30اکتوبر 2018کو اپنا فائنل آرڈر جاری کیا ۔ نیپرا کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک اپنے نظام میں سیفٹی معیارات پر بھی عمل درآمد کرنے میں ناکام رہی ہے۔ ترجمان نیپرا کے مطابق کے الیکٹرک پر جرمانہ نیپرا کے پرفارمنس معیارات پر عمل درآمد نہ کرنے کی پاداش میں کیا گیا، جبکہ نیپرا نے کے الیکٹرک کے کمزور ڈسٹری بیوشن سسٹم کو غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ قرار دیا ہے۔