آج سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان
کراچی/ اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر/ نمائندہ امت) احتجاج کے باعث آج کراچی کے سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کردیا گیا۔صوبائی وزیر تعلیم سردار شاہ نے کہا ہے کہ کراچی کے علاوہ سندھ بھر میں تعلیمی ادارےمعمول کےمطابق کھلیں گے۔این ای ڈی نے ایم اے و پی ایچ ڈی کے لئے ہونے والے ٹیسٹ ملتوی کر دیئے۔ نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ادھروفاقی نظامت تعلیمات (ایف ڈی ای) کے زیر انتظام سرکاری تعلیمی ادارے، راولپنڈی و اسلام آباد کے تمام نجی تعلیمی ادارے اور کئی جامعات میں بھی آج جمعہ کے روز تعلیمی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔ وفاقی تعلیمی بورڈ نے انٹرمیڈیٹ کے ضمنی امتحانات برائے سال 2018 کے تحت جمعہ 2 نومبر کو ہونے والا مطالعہ پاکستان کا پرچہ اندرون ملک کے تمام امتحانی مراکز کے لیے ملتوی کر دیا ہے، تاہم بیرون ملک یہ پیپر پہلے سے جاری شیڈول کے مطابق ہو گا۔ترجمان علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے مطابق جامعہ نے جمعرات اور جمعہ کے روز ہونے والے تمام امتحانات ملتوی کر دیے ہیں، جبکہ نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔محکمہ تعلیم پنجاب نے آج بھی صوبے بھر کے سرکاری اسکول بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔