دبئی پولیس فلائنگ بائیکس سے مجرموں کا پیچھاکرے گی

0

متحدہ عرب امارات میں مجرموں اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں کرکے بھاگنے والے افراد کی شامت آگئی۔ دبئی پولیس نے روسی کمپنی سے اُڑن بائیکس خرید لیں۔ ماہر اور چوکس پولیس افسران اپنی اُڑنے والی بائیکوں کی مدد سے ایک بٹن دبا کر فضا میں پرواز کر کے مجرموں کا تعاقب کریں گے اور موقع ملا تو فضا سے ہی فائر کر کے مجرموں کو زخمی، ہلاک یا ان کو گرفتار کرکے جیل بھیجنے کا بندوبست کریںگے۔ بندوق، ہتھکڑیوں اور وائرلیس ہائی ریزولیوشن کیمروں سے لیس دبئی پولیس کے یہ اُڑن بائیک سوار اہلکار یا افسران کسی بھی مجرم یا مفرور شخص کا تعاقب 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے کرسکتے ہیں جس کیلئے ان کی اڑن بائیک کو روسی انجینئرز نے خاس طور پر ڈیزائن کیا ہے۔ فضائی بائیک رائیڈر آرام سے دس تا 100 کلومیٹر کے علاقہ کو پانچ میٹر سے تیس میٹر کی بلندی تک موجود رہ کر مانیٹر کر سکتا ہے اور صحرائی خطہ میں کسی بھی ایمر جنسی کی صورت میں پھنس جانے والے افراد یا ٹریفک جام و حادثات میں زخمیوں کیلئے ادویات اور پانی سمیت خوراک بھی بہم پہنچا سکتا ہے، کیونکہ دبئی پولیس نے روسی کمپنی کی جانب سے بھجوائی جانیوالی فلائنگ بائیکوں کی جانچ مکمل کرلی ہے اور اس کے نئے ماڈلز کی خریداری کیلئے گرین سگنل دے دیا ہے۔ واضح رہے کہ دبئی پولس نے حال ہی میں جدید ترین انڈیگو ڈرونز کا بھی استعمال شروع کیا ہے جس میں انتہائی جدید کیمروں اور مائیک سے ٹریفک اور انسانی نقل و حرکت کی نگرانی کا کام بخوبی کیا جارہا ہے اور اس سلسلہ میں ایک ایک لمحہ کی ویڈیو ز اور تصاویر پولیس کنٹرول رومز میں مانیٹر کی جارہی ہیں۔ دبئی پولیس ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ ان کی جانب سے جدید کیمروں اور پولیس کو مہیا کئے جانے والے چشموں سے رئیل ٹائم مانیٹرنگ کی جارہی ہے اور ان چشموں اور کیمروں کی مدد سے دبئی سمیت امارات کی ہر گلی یا سڑک یا بازار میں موجود کسی بھی شخص کی ایک لمحہ میں چہرہ شناس ٹیکنالوجی کی مدد سے شناخت کی جارہی ہے۔ اس سلسلہ میں دبئی پولیس کے آپریشن ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر کیپٹن علی سیف الرامسے کا کہنا ہے کہ کوئی بھی مطلوب فرد کسی بھی وقت گرفتار کیا جاسکتا ہے اور کسی بھی مجرم کی گرفتاری کیلئے ان کیمروں کا نصب کیا جانا ریاست کی ایک بڑی کامیابی ہے۔ دبئی پولیس کو مہیا کی جانے والی اڑن بائیکوں کے بارے میں اماراتی جریدے دی نیشنل کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چار عدد طاقت ور ٹربو فینز اور لیتھیم بیٹریوں کی طاقت لئے یہ اڑن بائیک کسی بھی پولیس افسر کو سوار کرکے 25 منٹس تک پوری اسپیڈ سے پرواز کرسکتی ہے اوراگر اس کو بغیر رائیڈر کسی آپریٹر کی مدد سے اڑیا جائے گا تو یہ 45 منٹس تک پرواز کرسکتی ہیں اور 50 کلومیٹر کے دائرہ میں انتہائی موثر ثابت ہوسکتی ہیں۔ گلف نیوز نے ایک دلچسپ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ دبئی پولیس ہمیشہ سے شہریوں اور عالمی سرمایہ کاروں کیلئے اس سرزمین کو پر امن اور جرائم سے پاک کرنا چاہتی ہے اور اس سلسلہ میں ایک نیا اقدام دبئی پولیس کی نئی اڑن بائیک یا ہوور بائیکس ہیں، جن کو دبئی پولیس نے حال ہی میں ایک نمائش میں ڈسپلے پر رکھا۔ اس عالمی نمائش/ جی ٹیکس ٹیکنالوجی ویک 2018ء میں رکھی جانے والی ان بائیکوں کو عوام سے بھرپور پذیرائی ملی اور اس کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔ دبئی پولیس کے ڈائریکٹرز کا کہنا ہے کہ اڑن بائیکوں کی دبئی میں بڑی ضرورت ہے اور جرائم کی بیخ کنی سمیت حادثات اور ایمر جنسی صورتحال میں یہ بائیکس انتہائی ناگزیر ہیں کیونکہ سڑکوں پر گشت کرنے والے پولیس افسران اور موٹر سائیکل سوار اور پیدل پولیس اہلکاروں کیلئے کسی حادثہ، ایمر جنسی یا ٹریفک جام کی صورت میں صحرائی ریتیلے علاقوں میں بغیر قت ضائع کئے پہنچنا ایک چیلنج رہا ہے لیکن ’’ہوور بائیک یا اڑن بائیکوں کی وجہ سے اب یہ کام اور اقدامات آسان ہوچکے ہیں کیونکہ مخصوص سگنلز پر تیس سیکنڈوں میں اڑنے کی صلاحیت رکھنے والی ہوور بائیکس ہر وقت موجود ہیں اور ان پر سوار اسٹینڈ بائے افسران کو صرف ان کی بائیکوں کے الیکٹرونکس چینلز یا ہیلمٹ میں نصب وائر لیس سسٹم کی مدد سے ایمر جنسی کا پیغام ملتے ہی وہ ایک بٹن دبا کر اپنی بائیک کو اسٹارٹ کرسکتے ہیں اور محض تیس سیکنڈوں میں یہ اُڑن بائیک پانچ سے تیس میٹر کی اونچائی پر پرواز کرکے پہنچ جاتی ہے اور عرضی اعتبار سے کسی بھی سمت میں 100 کلومیٹر کی اسپیڈ پکڑنے میں بھی تیس ہی سیکنڈز لیتی ہے اور زمین پر موجود کسی بھی بائیک یا مطلوبہ گاڑی کا تعاقب کرکے اس کے سر پر پہنچ جاتی ہے اور اس کو رکنے پر مجبور کردیتی ہے یا اس کی رفتار اور سمت کا تعین کرتے ہوئے اگلی منزل پر موجود پولیس اہلکاروں، افسران یا چوکیوں کو اس مطلوبہ گاڑی کی مکمل معلومات دے دیتی ہے جبکہ اس اڑن بائیک میں نیچے اور سامنے کی جانب نصب ہائی ریزیولیوشن کیمروں کی مدد سے پوری رئیل ٹائم ویڈیو بھی دبئی پولیس کے مرکز ی کیمروں یا کنٹرول رومز میں بھی پہنچائی جاتی ہے، جس کی مدد سے مجرموں یا قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں یا مشکل راستوں اور ریتیلے علاقوں میں مطلوب افراد کو پکڑ سکتی ہے۔ اپنی گفتگو میں دبئی پولیس کے سینئر افسر بریگیڈیئر خالد ناصر الرزوقی نے اس اُڑن بائیک کوشاندار اور دبئی پولیس کا اعزاز قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ یہ بائیکیں ایمر جنسی صورت حال کا بہترین حل ہیں، جس میں حادثات اور ایمر جنسی سمیت نگرانی کے کام بھی انجام دیئے جاسکتے ہیں۔ ٭

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More