کراچی (اسٹاف رپورٹر) ملک بھر مظاہروں، دھرنوں کے باعث مسافروں کے ایئر پورٹس نہ پہنچ سکنے پر پی آئی اے سمیت ملکی و غیر ملکی فضائی کمپنیوں کی 38 پروازیں منسوخ کردی گئیں۔ متعدد پروازیں ری شیڈول کر کے مسافروں کو ایڈجسٹ کیا گیا۔ نارتھ ریجن میں سب سے زیادہ پروازیں متاثر ہوئیں۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں دھرنوں کے باعث پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہوا۔ راستے بند ہونے سے پی آئی اے و دیگر ملکی و غیر ملکی کمپنیوں کےمسافر بر وقت ایئر پورٹ نہ پہنچ سکے۔ کراچی، اسلام آباد اور لاہور ایئرپورٹس سے جانے والی 19پروازیں منسوخ کر دی گئیں، جبکہ باہر سے آنیوالی 19پروازیں بھی منسوخ ہوئیں۔ متعدد پروازوں کو ری شیڈول کر کے مسافروں کو ایک ہی پرواز میں ایڈجسٹ کیا گیا۔سول ایوی ایشن کے مطابق کراچی سے جانے والی 16پروازیں منسوخ ہوئیں، جن میں اسلام آباد سے آنے والی پی کے 373،پی اے 201اور پی اے 205، سیالکوٹ سے کراچی کی پرواز پی کے 397شامل ہیں، جبکہ بیرون ملک سے آنے والی پروازوں میں جدہ کی پرواز پی کے 7036، دبئی کی پرواز ایف زیڈ 333،کوالالمپور کی پرواز پی کے 897اور مسقط کی پرواز او وی 266شامل ہیں۔ اسی طرح کراچی سے کوالالمپور جانے والی پرواز پی کے 896،دبئی کی پرواز ایف زیڈ 334، مسقط کی پرواز او وی 266کے ساتھ اندرون ملک جانے والی سیالکوٹ کی پرواز پی کے 396،پشاور کی پرواز پی کے 350،لاہور کی پرواز پی کے 312اور اسلام آباد کی پروازیں پی اے 200اور پی اے 204منسوخ کی گئیں۔ ایوی ایشن سے حاصل معلومات کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر کل 19پروازیں منسوخ کی گئیں جن میں دمام جانے والی سعودی گلف کی پرواز 152،جدہ کی پرواز این ایل 719 ، ریاض کی پرواز ایکس وائی 316،پی کے 605،مدینہ کی پرواز این ایل 705ابوظہبی کی پرواز ای وائی 232جبکہ اندرون ملک جانے والی پروازوں میں گلگت کی جانے والی پروازیں پی کے 605اور پی کے 607،کراچی کی پروازیں پی کے 373،این ایل 122،این ایل 124اور این ایل 126منسوخ کی گئیں۔اسی طرح اسلام آناد آنے والی پروازوں میں دمام کی پروازیں این ایل 714، 151 6C، ریاض کی پرواز ایکس وائی 315، دبئی کی پرواز این ایل 224، گلگت کی پروازیں پی کے 606اور این ایل 127اور کراچی کی پروازیں این ایل 121اور این ایل 127شامل ہیں۔ اسی طرح لاہور آنے والی 3پروازیں بھی منسوخ کی گئیں جن میں قومی فضائی کمپنی کی اسلام آباد کی پروازیں پی کے 656اور پی کے 285کے ساتھ شارجہ کی پرواز پی اے 413بھی منسوخ کی گئی۔ مذکورہ صورتحال سے متعلق فضائی کمپنیوں کو پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں پی آئی اے کے جنرل منیجر نے ‘‘امت’’ کو بتایا کہ ملکی حالات سب کے سامنے ہیں۔ شاہراہیں بند ہیں، لوگوں کا ہوائی اڈے پہنچنا مشکل ہوگیا۔ ہم نے کل ہی مسافروں کو پیغامات بھیجے تھے کہ بین الاقوامی پروازوں کے لئے مسافر 5گھنٹے پہلے ہوائی اڈے پہنچیں اور ڈومیسٹک پروازوں کے مسافر 3گھنٹے پہلے لاؤنچ تک پہنچنے کے لئے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ نارتھ ریجن کے مسافر متاثر ہوئے ہیں اور جمعرات کے روز پی آئی اے کا 10فیصد آپریشن کم کر دیا گیا تھا۔ جمعہ کی تفصیلات ہفتے کے روز ہی معلوم ہوسکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ جمعرات اور جمعہ کو بعض پروازیں 20سے 30منٹ کے لئے تاخیر سے روانہ کی گئیں تاکہ مسافر پرواز سے محروم نہ ہوجائیں۔ بعض مسافروں کو دیگر پروازوں میں ایڈجسٹ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ مسافر 5گھنٹے والی پریکٹس اپنائیں تو پروازوں کے لئے ہوائی اڈے پہنچ ہی سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دھرنوں سے ہونے والے نقصان کے بارے میں فی الوقت بتایا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے علاقوں میں مسائل زیادہ ہیں جس کی وجہ سے وہاں مسافروں کو مشکلات بھی پیش آئی ہیں۔