تیل کی سپلائی معطل ہونے سے بحران کا خدشہ

0

کراچی (رپورٹ:نواز بھٹو)ملعونہ آسیہ کی بریت کے عدالتی فیصلے کے خلاف ملک بھر میں احتجاج اور دھرنوں کے باعث کراچی سے اندرون ملک پیٹرول، ڈیزل کی سپلائی معطل رہی ۔شیریں جناح کالونی آئل ٹرمینل سے 3 روز تک فلنگ بند رہی ،جس کے باعث4 ہزار سے زائد بھرے ٹینکرز کالونی اور ٹرمینل میں محصور ہو کر رہ گئے۔20 ہزار سے زائد ٹینکرز کی اندرون ملک روانگی روک دی گئی ۔دھرنے ختم ہونے کے بعدآج سے ملک بھر میں تیل کی سپلائی شروع ہو جائے گی۔ جس کے باعث ملک بھر میں پٹرول ، ڈیزل کی قلت ختم ہو جانے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق توہین رسالت کیس میں سپریم کورٹ کی جانب سے ملعونہ آسیہ مسیح کی بریت کے فیصلے کے بعد ملک بھر میں احتجاج اور دھرنوں کے باعث تیل کا بحران سر اٹھانے لگا ہے اگر مزید 2روز یہی صورتحال برقرار رہی تو ملک میں پیٹرولیم مصنوعات ناپید ہو جائیں گی۔ اس وقت شیریں جناح کالونی میں موجود آئل ٹرمینل پر 20سے زائد فلنگ اسٹیشنز نے 3روز سے فلنگ بند کر رکھی ہے اور ہزاروں ٹینکرز ذوالفقار آباد آئل ٹرمینل اور دیگر مقامات پر کھڑے کر دئیے گئے ہیں ۔واضح رہے کہ یومیہ 3ہزار ٹینکرز فلنگ کے بعد اندرون ملک روانہ ہوتے ہیں ۔ذرائع کے مطابق شیریں جناح کالونی میں آئل ٹرمینل کے اندر اور کالونی میں مختلف مقامات پر 4ہزار سے زائد ٹینکرز کھڑے کر دئیے گئے ہیں ۔سائٹ، مواچھ، حب ، مشرف کالونی اور ناردرن بائی پاس سمیت مختلف مقامات پر پیٹرول اور ڈیزل سے بھرے 20ہزار ٹینکرز کی اندرون ملک روانگی موخرہے۔ لاہور ، اسلام آباد اور لالہ موسیٰ جی ٹی روڈ کے اطراف میں 2 ہزار سے زائد تیل سے بھرے ٹینکرز کھڑے کر دئیے گئے ہیں ،جس سے پنجاب، خیبر پختون، گلگت۔ بلتستان کو پیٹرول کی سپلائی بندہے۔ کراچی میں بھی لوکل سپلائی بند ہونے سے پیٹرول پمپس کے پاس موجود ذخیرہ تیزی سے ختم ہو رہا ہے۔پیٹرول کے حصول کے لئے پمپس پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئی ہیں ،جبکہ اندرون سندھ پیٹرول کی سپلائی معطل ہونے سے ٹریفک سڑکوں سے غائب ہے۔ اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر آل پاکستان آئل ٹینکرز اونرز ایسو سی ایشن کے چیئرمین اسلم نیازی نے کہا کہ اگر آئندہ دو روز تک بھی آئل ٹینکرز کی روانگی ممکن نہ ہو سکی تو ملک میں پیٹرول کا بحران شدت اختیار کر جائے گا۔ ٹینکرز کھڑے کر دینے سے مالکان کو یومیہ 4لاکھ روپے کا نقصان ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف مقامات پر بھرے ہوئے آئل ٹینکرز کی حفاظت کا انتظام نہیں کیا جا رہا ،جس سے کوئی بڑاسانحہ رونما ہوسکتا ہے ۔ سپریم کونسل کے چیئرمین کیپٹن آصف نے رابطہ کرنے پر کہا کہ احتجاج اور دھرنوں کے باعث صورتحال پیچیدہ ہو گئی ہے ۔ناردرن بائی پاس اور ہائی ویز پر کھڑے آئل ٹینکرز کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے غیر سنجیدہ اقدامات نے حالات کو پیچیدہ کر دیا ہے پیٹرول کی سپلائی بند ہونے سے ملک کو اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More