شہر کی مختلف جامعات آج کھلی رہیں گی- پرچے ملتوی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر بھر میں جمعہ کو تعلیمی ادارے بند اور تدریسی عمل معطل رہا۔مختلف جامعات آج کھلی رہیں گی، تاہم امتحانات اور انٹرویو ملتوی کردیئے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے شہر کی صورتحال کے باعث جمعہ کو تعلیمی اداروں میں تعطیل کی گئی تھی۔جامعہ اردو کے اعلامیہ کے مطابق جمعہ کو بی کام،بی بی اے اور دیگر پرچے ملتوی کیے گئے ۔جامعہ کراچی میں بی ایڈ اور ایم ایڈ کے امتحانات ملتوی کردیئے تھے۔ دریں اثنا جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی آج کھلی رہے گی، تاہم ہفتے کے روز ہونے والے تمام پرچے ملتوی کردیے گئے ہیں۔سندھ مدرسہ یونیورسٹی میں بھی تمام پرچے ملتوی کردیئے گئے ہیں۔مولانا سمیع الحق کے قتل کی وجہ سے مہران یونیورسٹی نے داخلہ کے خواہشمند امیدواروں کے لیے آج (ہفتہ) اور کل بروز اتوار ہونے والے انٹرویو ملتوی کر دیے۔اقرایونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر عرفان حمید کے مطابق یونیورسٹی آج معمول کے مطابق کھلی رہے گی۔تمام امتحانات معمول کے مطابق ہوں گے ۔
اسلام آباد(رپورٹنگ ٹیم) پنجاب اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے آج صوبے کے تمام سرکاری و نجی اسکول کھلے رکھنے کا اعلان کیا ہے ، جبکہ کالجز اور یونیورسٹیاں بھی کھلی رہیں گی۔وفاقی دارالحکومت کے سرکاری و نجی اسکول ہفتہ وار تعطیل کے باعث بند رہیں گے۔قبل ازیں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر صوبائی حکومت نے سرکاری اور نجی اسکولوں کو آج بند رکھنے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم بعد کی صورتحال پر فیصلہ واپس لے لیا گیا۔یاد رہے اسلام آباد اور پنجاب بھر میں سرکاری و نجی اسکول 2روز سے بند ہیں۔