مچھر کالونی میں شوہر نے تشدد کے بعد بیوی قتل کرڈالی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)مچھر کالونی میں جھگڑے کے دوران شوہر نے بیوی کو ہاتھ پاؤں باندھ کر پھندا ڈال کر قتل کردیا۔بلدیہ میں گھر پر فائرنگ سے نوجوان اور ایک بچی زخمی ہوگئی، جبکہ ملزم نے پکڑنے کی کوشش پر تیز دھار آلے کے وار کرکے زخمی کے بھائی کو بھی زخمی کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکس کے علاقے مچھر کالونی صدام چوک کے قریب ایک گھر سے خاتون کی ہاتھ پاؤں بندھی پھندا لگی لاش ملی۔ایس ایچ او پرویز علی نے ’’امت‘‘ کو بتایا کہ مقتولہ کی شناخت 27سالہ ممتاز بی بی زوجہ غلام رسول کے نام سے ہوئی۔ خاتون اپنے شوہر سے ناراض ہوکر میکے گئی ہوئی تھی۔جمعہ کو واپس آنے کے بعد جھگڑا ہوگیا، جس پر شوہر نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر ہاتھ پاؤں باندھ کر پھندا ڈال کر قتل کرکے فرار ہوگیا۔اتحاد ٹاؤن کے علاقے بلدیہ عابد آباد شاہ محلے میں موٹر سائیکل سوار ملزمان گھر پر فائرنگ کرکے فرار ہونے لگے۔فائرنگ سے بچی اور ایک نوجوان زخمی ہوگیا۔ اسی دوران زخمی نوجوان کے بھائی نے ملزمان کو پکڑنے کی کوشش کی تو ملزمان نے اس پر تیز دھار آلے سے وار کرکے زخمی کردیا اور فرار ہوگئے۔ایس ایچ او فلک شیر نے کہا کہ اسپتال میں زخمیوں کی شناخت 25سالہ ذاکر ولد فضل خالق ، 28سالہ عمر خالق ولد فضل خالق اور 9سالہ مناہل دختر شیر علی کے نام سے ہوئی۔زخمی نوجوان سوزوکی پر پانی سپلائی کرتے ہیں۔وہ معمول کے مطابق جمعہ کی نماز کے بعد علاقے میں پانی سپلائی کررہے تھے کہ اس دوران ان کا کسی موٹر سائیکل سوار سے جھگڑا ہوگیا اور وہ جیسے ہی اپنے گھر پہنچے، تو موٹر سائیکل سوار اپنے ساتھیوں کے ساتھ ان کے گھر پر آیا اور فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں فضل خالق اور مناہل زخمی ہوئے جبکہ ملزمان کو پکڑنے کی کوشش کرنے پر تیز دھار آلے کی مدد سے عمر خالق زخمی ہوا۔