پاکستان کو مالی امداد دینے پر چین تیار- 15معاہدے

0

بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک)چین نے پاکستان کو مالی امداد فراہم کرنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے اور دونوں ممالک نے دوطرفہ معاشی، تجارتی اور اسٹرٹیجک تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق کرتے ہوئے تعاون کے 15معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کردیئے ہیں،چینی وزیراعظم لی کی چیانگ نے کہا ہے کہ سی پیک پاکستان اور چین کے لیے ہی نہیں بلکہ پورےخطے کے لیے گیم چینجر ہے۔ پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں اور چین پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان کے دورہ چین کے ثمرات ملنا شروع ہوگئے ہیں اور چین نے پاکستان کو مالی امداد فراہم کرنے پر رضامندی کردی ہے تاہم تفصیلات طے کرنے کے لئے مزید بات چیت پر زور دیا ہے ،دونوں ممالک کے درمیان15نئے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشت پر دستخط بھی ہوگئے ہیں معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط وفود کی سطح پر ہونے والے مذاکرات کے دوران کیے گئے جہاں وزیر اعظم عمران خان نے پاکستانی وفد جبکہ ان کے ہم منصب لی کی چیانگ نے چینی وفد کی قیادت کی۔پاکستانی وفد میں وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور وفاقی وزرا خسرو بختیار، شیخ رشید اور علی زیدی بھی موجود تھے۔ دوسری جانب چینی وزیر خارجہ وانگ ژی سمیت چینی کابینہ کے اراکین بھی مذاکرات کے دوران چینی وفد کا حصہ تھے۔دونوں ممالک کے درمیان جن معاہدوں پر دستخط کیے گئے ان میں چین کی اکیڈمی آف سائنسز اور پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ، ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان اور چین کی سائنس اکیڈمی، اسلام آباد پولیس اور بیجنگ پولیس کے درمیان تعاون، زراعت اور اقتصادی و تکنیکی تعاون سے متعلق معاہدے شامل ہیں۔اسی طرح دونوں ممالک کے درمیان مفاہمت کی جن یادداشتوں پر دستخط ہوئے ان میں پاک ۔ چین وزرائے خارجہ کی سطح کے تزویراتی مذاکرات، پاکستان سے غربت کے خاتمے اور جنگلات، ارضیات سائنس اور الیکٹرونکس مواد کے تبادلے سے متعلق مفاہمت کی یادداشتیں شامل ہیں۔اس کے علاوہ اس بات پر بھی اتفاق ہوا کہ پاکستان میں اقتصادی زونز کے قیام سے متعلق چین پاکستان کی معاونت کرے گا۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے چینی ہم منصب کو سی پیک سے متعلق اپنی ترجیحات، حکومت کی معاشی اصلاحات اور ضروریات سے متعلق بھی آگاہ کیا۔چینی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سی پیک پاکستان اور چین کے لیے ہی نہیں بلکہ پورےخطے کے لیے گیم چینجر ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں اور چین پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے،اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے چینی ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی جو انہوں نے قبول کرلی۔ذرائع کا کہنا ہےکہ چین کے وزیراعظم جلد پاکستان کا دورہ کریں گے اور اس حوالےسے سفارتی چینلز سے شیڈول جلد ترتیب دیئے جانے پر اتفاق ہوا ہے۔اس سے پہلے وزیراعظم عمران خان جب گریٹ ہال پہنچے تو چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ اور ان کی کابینہ ارکان نے ان کا استقبال کیا۔گریٹ ہال میں وزیراعظم عمران خان کے اعزاز میں خیرمقدمی تقریب ہوئی اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیاچینی وزیرِ اعظم لی کی چیانگ نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ بیجنگ کا خیرمقدم کیا، دونوں ممالک کے وزرائے اعظم نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا۔قبل ازیں وزیراعظم عمران خان تیانمن اسکوائر پہنچے ، جہاں انہوں نے پیپلز ہیروز کی یادگار پر پھول چڑھائے،وزیراعظم عمران خان نے چینی کمپنیوں کے سربراہوں اور سرمایہ کاروں سے بھی ملاقاتیں کیں وزیراعظم کا کہناتھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں چینی سرمایہ کاروں کو اس سے فائدہ اٹھانا چاہئے، عمران خان نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاردوست پالیسی پر عمل پیرا ہے۔چینی سرمایہ کاروں نے اس موقع پر مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیاجس کا خیرمقدم کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ حکومت چین کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کی خواہاں ہے اور اس سلسلے میں چینی سرمایہ کاربنیادی کردار ادا کرسکتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More