فضل الرحمان کیلئے تھریٹ الرٹ-احتیاط کا مشورہ
پشاور(سٹاف رپورٹر)جے یو آئی(س)کے سربراہ مولانا سمیع الحق کی قاتلانہ حملے میں شہادت کے بعد پولیس نے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو تھریٹ الرٹ جاری کردیاہے اور مشورہ دیا ہےکہ احتیاط برتی جائے۔پشاور پولیس کی جانب سے مولانا فضل الرحمان کو خط تحریر کیا گیا ہے جس میں انہیں لاحق سیکورٹی خدشات سے آگاہ کیا گیا ہے۔سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ایس ایس پی پشاور کی جانب سے تحریر کئے گئے خط میں کہا گیاہے کہ مولانا فضل الرحمان کوبھی سیکورٹی خطرات ہیں تاہم انہوں نے خطرات کے باوجود پشاور کا دورہ کیا۔ایس ایس پی کے خط میں خطرات کے باعث مولانا فضل الرحمان کو پشاور کا دورہ نہ کرنے کا مشورہ دیا گیا تھا۔دوسری جانب جے یو آئی (ف) کے رہنما ء راشد سومرو نے مولانا فضل الرحمان کی سیکورٹی فول پروف بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا سمیع الحق کی شہادت کے فوری بعدسیکورٹی خطرات سے متعلق خط حوصلہ پست نہیں کرسکتا۔