پرانے نرخوں پر اسپتال کو ادویات فراہمی سے ٹھیکیدار انکاری

0

کراچی ( رپورٹ: صفدر بٹ ) محکمہ صحت سندھ 5 ماہ گزرنے کے باوجود ادویات و طبی سامان کے نرخوں کا تعین نہیں کر سکا ۔ سندھ حکومت نے اسپتالوں کو ایک سہ ماہی کی خریداری پرانے نرخوں پر کرنے کی اجازت دی تھی لیکن بیشتر ٹھیکیداروں نے سابقہ نرخوں پر ادویات سپلائی کر نے سے انکار کر دیا ہے ،جس کے باعث کراچی سمیت صوبے کے سرکاری اسپتالوں کو ادویات و طبی سامان کے بحران کا سامنا ہے ۔ اینٹی بایوٹک ادویات ، سمیت آپریشن میں استعمال ہونے والا سامان مریضوں کو میڈیکل اسٹورز سے خریدنا پڑ رہا ہے ، جبکہ 15 فیصد لوکل پرچیز کی مد میں بجٹ کے استعمال کی اجازت نہ ملنے سے اسپتالوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت سندھ کی نا اہلی کے سبب صوبے میں ادویات کی خریداری کیلئے نرخوں کا تعین کرنے والی سینٹرل پروکیورمنٹ کمیٹی 5 ماہ گزرنے کے باوجود خریداری مکمل کرنے میں ناکام رہی ہے ، جس کے باعث سندھ بھر کے مریض مسلسل 5ویں ماہ بھی مشکلات کا شکار ہیں ۔ حکومت سندھ نےہمیشہ کی طرح پروکیورمنٹ کمیٹی کی نا اہلی پر پردہ ڈالنے کیلئے 3ستمبر کو اسپتالوں کو پہلی سہ ماہی کیلئے ادویات کی خریداری پرانے نرخوں پر کر نے کی اجازت دی تھی ، تاہم اجازت ملنے کے باوجود بھی اسپتالوں سے ادویات کی قلت دور نہیں ہو سکی ، کیونکہ کنٹریکٹروں نے ادویہ کے نرخ بڑھ جانے کے سبب سابقہ نرخوں پر سپلائی فراہم کرنے سے انکار کر دیا ہے ، جس پر متعدد اسپتالوں کی انتظامیہ نے بھاری کمیشن کے حصول اور بجٹ ٹھکانے لگانے کیلئے لوکل کمپنیوں کی ادویات کے آرڈر دیدیئے ہیں ، تاکہ بجٹ بھی ضائع ہونے کا خدشہ نہ ہواور مریضوں کومطمئن بھی کیا جا سکے گا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت نے اسپتالوں پر لوکل پرچیز کا 15 فیصد بجٹ استعمال کرنے پر بھی غیر اعلانیہ پابندی عائد کر رکھی ہے اور اسے بھی نرخوں کے تعین سے مشروط کر رکھا ہے۔ اسپتال ایسی ادویات جو کہ سینٹرل پروکیورمنٹ کی مقرر کردہ فہرست میں نہیں ہوتی تھی وہ لوکل پرچیز کے بجٹ سے منگوا لیا کرتے تھے ۔ اس حوالے سے اسپتالوں کے انتظامی افسران نے کہا کہ وہ دستیاب وسائل کے مطابق مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ یہ سچ ہے کہ لوکل پرچیز بجٹ کی بروقت اجازت نہ ملنے سے مشکلات کا سامنا ہے ، تاہم اب پہلی سہ ماہی کے بجٹ سے ادویات کی سپلائی شروع ہونے سے حالات معمول پر آنا شروع ہو گئے ہیں ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More