علما کرام کا خراج عقیدت – ہزاروں کی قرآن خوانی

0

کراچی (رپورٹ:عظمت علی رحمانی )کراچی کے مدراس و مساجد میں مولانا سمیع الحق کیلئے قرآن خوانی و دعا کرائی گئی، ہزاروں حفاظ نے دن بھر تلاوت کی، علمائے کرام نے مولانا سمیع الحق کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انکے قتل کو علم وتحقیق، حب الوطنی،رواداری اوراعتدال کا قتل قرار دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کراچی سمیت دیگر شہروں سے مدارس و مساجد کے آئمہ کرام کی کثیر تعداد مولانا سمیع الحق کے جنازے میں شرکت کیلئے اکوڑہ خٹک گئی، تاہم جنازے میں نہ جاسکنے والے علمائے کرام اور طلبہ کی جانب سے اپنے اپنے مدارس و مساجد میں مولانا سمیع الحق کے بہیمانہ قتل کے بعد ان کیلئے باقاعدہ قرآن کریم کی تلاوت کرائی گئی۔ کراچی کے سیکڑوں مدارس میں قرآن کریم کی تلاوت کا اہتمام کیا گیا اور دعا بھی کرائی گئی۔ مدارس کے منتظمین کی جانب سے ارد گرد کے مدارس سے ملحقہ مساجد کے آئمہ کرام کو بھی مساجد میں دعاؤں کا اہتمام کرنے کا پیغام و ترغیب دی گئی۔ جامعہ الصفہ میں مولاناسمیع الحق کے دیرینہ رفیق رئیس الجامعہ مولانا حق نواز کی جانب سے ہزاروں طلبہ و طالبات سے مولانا کے ایصال ثواب کیلئے باقاعدہ قرآن کریم کی تلاوت کرائی گئی اور ختم قرآن کریم کیا گیا، جس کے بعد مولانا حق نواز نے دعائے مغفرت و درجات کی بلندی کیلئے دعا کرائی، جس میں رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔ اس موقع پر نائب مہتمم جامعہ الصفہ مفتی محمد زبیر نے جامعہ میں ہزاروں طلبہ اساتذہ کی مجلس تعزیت ودعا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مولانا سمیع الحق کی مظلومانہ شہادت انتہائی غمناک، باعث تشویش اور المناک حادثہ ہے۔ مولانا سمیع الحق کو نا صرف شہید کیا گیا بلکہ میڈیا اطلاعات کے مطابق چھریوں کے وار سے لرزہ خیز قتل کیا گیا جو اسلام اور پاکستان کے خلاف خوفناک اور گہری سازش کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ 82 سالہ مولانا سمیع الحق بیمار وب زرگ جید شیخ الحدیث ہزاروں علما کے عظیم استاذ ،عرب وعجم میں ایک ممتاز مقام رکھنے والے ایسے ممتاز عالم دین تھے جو اسلام واتحاد بین المسلمین کے حقیقی خادم اور جلیل القدر عالم ہونے کے علاوہ نا صرف محب وطن پاکستانی تھے بلکہ حقیقی معنوں میں پاکستان کے عظیم محسن تھے، جنہوں نے ہر کڑے وقت میں ریاست ومملکت پاکستان کا ساتھ دیا۔ اس کے علاوہ جامعہ فاروقیہ کراچی، جامعہ دارالعلو م کراچی ،جامعہ العلوم الاسلامیہ بنوری ٹاوٴن ،جامعہ حمادیہ ،مدرسہ امام اعظم ابو حنیفہ مکہ مسجد ،عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت مرکز و مسجد باب الرحمت ،ڈاکٹر عبدالماجد کا جامعہ رو ضة الفتخیہ کھارادر ،مفتی نسیم ثاقب کا جامعہ روضة الاطفال اکیڈمی سلطان آباد،مفتی محمد علی کے جامعہ مسجد علی معاویہ لی مارکیٹ ،قاری محمد نعیم کے مدرسہ امیر معاویہ تعلیم القرآن ماڑی پور روڈ ،مولانا شبیر احمد عثمانی کے مدرسہ ادارہ تعلیم القرآن و السنہ ،مولانا داؤد خان کے مدرسہ خدیجہ الکبری نیو سبزی منڈی سمیت دیگر مدارس و مساجد قرآن خوانی کا اہتمام کیاگیا جس میں سیکڑوں قرآن کریم کی تلاوت کی گئی جس کا ثواب مولانا سمیع الحق کوایصال کیا گیا جس کے بعد مساجد و مدارس میں اجتماعی دعا کا بھی اہتمام کیا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More