شہباز سے اہلخانہ کی ملاقات – رات کا کھانا ساتھ کھایا

0

اسلام آباد(امت نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف سے ان کے اہل خانہ نے سب جیل اپوزیشن لیڈر ہاؤس میں ملاقات کی اور رات کا کھانا ساتھ کھایا۔اس حوالے سے پارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ حمزہ شہباز، ان کی اہلیہ اور والدہ نصرت شہباز نے اسلام آباد میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف سے ملاقات کی۔ذرائع نے بتایا کہ فیملی سے ملاقات میں نیب کیسز سے متعلق بھی بات چیت ہوئی۔ علاوہ ازیں سلمان شہباز شریف کے بیٹے کی ولادت سے متعلق بھی ایک دوسرے کو مبارکباد دی گئی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات کے بعد میاں شہباز شریف اور ان کے اہل خانہ نے کھانا بھی اکٹھے کھایا۔واضح رہے کہ اسلام آباد میں منسٹر انکلیو میں اپوزیشن لیڈر ہاؤس کونیب نے سب جیل قرار دے رکھا ہے۔ میاں شہباز شریف قومی اسمبلی اجلاس کے باعث آجکل پروڈکشن آرڈر پر اسلام آباد میں مقیم ہیں۔ذرائع نے بتایاہے کہ شہباز شریف آج شام قومی اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہوں گے اور اس سے قبل وہ مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More