2تعفن زدہ لاشیں ملیں-پراسرار گولی سےسیکورٹی گارڈ جاں بحق

0

کراچی(اسٹاف رپورٹر) نارتھ ناظم آباد میں نجی سیکورٹی کمپنی کا گارڈ پراسرار گولی لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔ ابراہیم حیدری اور نادرن بائی پاس سے 2افراد کی کئی روز پرانی لاشیں ملی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق شارع نورجہاں کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک جے قاضی سی این جی اسٹیشن کے قریب گولی لگنے سے 20سالہ فرخ فاروقی ولد ذاکر صالح محمد شدید زخمی ہوگیا، جسے فوری اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس نے دم توڑ دیا۔ پولیس نے بتایا کہ متوفی سیکورٹی گارڈ تھا اور ابتدائی تفتیش میں واقعہ خودکشی معلوم ہوتا ہے، کیونکہ متوفی نے اپنے پستول سے خود کو گولی ماری ہے، تاہم مزید تفتیش کر رہے ہیں۔ ابراہیم حیدری کے علاقے واٹر پمپ قبرستان کے قریب سے نامعلوم شخص کی تعفن زدہ لاش ملنے کی اطلاع پر پولیس نے اسے اسپتال منتقل کیا۔ سکھن پولیس نے بتایا کہ نامعلوم متوفی کی عمر40سال کے قریب ہے جبکہ لاش 6 دن پرانی ہونے کی وجہ سے بوسیدہ ہوگئی ہے، پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی وجہ موت سامنے آئے گی۔ دوسری جانب نادرن بائی پاس ہمدرد یونیورسٹی کے قریب جھاڑیوں سے نامعلوم شخص کی لاش ملی، جسے پولیس نے اسپتال منتقل کیا۔ منگھو پیر پولیس کے مطابق لاش 7 روز پرانی ہے، وجہ موت جاننے کیلئے پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More