سیکورٹی ادارے سازش سے پردہ اٹھائیں – بنوری ٹاون میں اجتماع
کراچی (اسٹاف رپورٹر) جامعہ بنوری ٹاؤن میں مولاناسمیع الحق کی شہادت پرتعزیتی اجتماع میں علماکرام نے سیکورٹی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ اس سازش سے پردہ اٹھائیں ۔وفاق المدارس العربیہ پاکستان کےصدر ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مولانا سمیع الحق شہید وحدت امت کے داعی تھے۔ان کی شہادت بہت بڑا سانحہ ہے ،جس میں اسلام و ملک دشمن قوتیں ملوث ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی ادارے اس سازش سے پردہ اٹھائیں،انہوں نے کہا کہ شہیدرہنما کی شہادت ملک کی نظر یاتی اساس کو کمزور کرنے کی سازش ہے ،ملکی سلامتی و استحکام کے ذمہ دار اداروں کو اس کا ادراک ہونا چاہیئے ،مولانا کی مظلومانہ شہادت پر ہزاروں مدارس کے لاکھوں طلبہ۔علما اور دینی قیادت نے جس تحمل کا مظاہرہ کیا وہ قابل رشک اور حب الوطنی کا ثبوت ہے ۔وفاق المدارس سندھ کے ناظم مولانا امداداللہ یوسفزئی نے کہا کہ مولانا سمیع الحق جیسی علمی شخصیات کا وجود کسی نعمت سے کم نہیں تھا۔ انکی شہادت پر صبر یقینا ہمارےلئے کسی آزمائش سے کم نہیں ہے ۔مولانا سمیع الحق کی شہادت نے علما کرام سے سیکورٹی واپس لینے کے حوالے سے سوالات اٹھادیئے ہیں،تحقیقاتی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ مولانا کے قاتلوں کو جلد گرفتار کر کے انصاف کے تقاضے پورے،کریں اور علماء و دینی شخصیات کی سیکورٹی بحال کریں تعزیتی اجتماع میں جامعہ بنوری ٹان کےاستادالحدیث محمد انور بدخشانی وفاق المدارس کے میڈیا کوارڈینٹر طلحہ رحمانی نائب مہتمم مولانا سلیمان بنوری،مولانا محمد زیب،عبدالرؤف عزنوی،مولانا فضل محمد،مفتی محمد رفیق بالاکوٹی،قاری زبیر احمد،عبیدالرحمن چترالی،مولانا اکرام اللہ اور مولانا عبدالجلیل نے بھی اشرکت کی۔