وفاق نے ٹارگٹڈ آپریشن کیلئے ایک پیسہ بھی جاری نہیں کیا-وزیر اعلیٰ

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت شہر میں ٹارگٹڈ آپریشن کے اخراجات کی مد میں ایک پیسہ بھی جاری نہیں کیاہے۔ انہوں نے یہ بات سینیٹ کی قائمہ کمیٹی داخلہ کے چیئرمین رحمان ملک سے گفتگو میں کہی۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ٹارگٹڈ آپریشن کے اخراجات کیلئے اپنے حصے کی رقم دینے کا کہا تھا مگر ابھی تک کچھ بھی نہیں دیا گیا، جس سے صوبائی خزانے پراضافی بوجھ پڑا ہے۔ انہوں نے سینیٹر رحمان ملک پر زور دیا کہ وہ اس پر قائمہ کمیٹی میں بات کریں، میں کمیٹی کوصوبائی حکومت کے اخراجاتکی تفصیل دینے کیلئے تیارہوں۔ رحمان ملک نے وزیراعلیٰ کو یقین دلایا کہ وہ معاملے پر کمیٹی میں غور کرینگے تاکہ صوبائی حکومت پر مالی بوجھ کم کیا جاسکے۔ وزیر اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ وفاق نے سندھ میں سی پیک منصوبوں سے متعلق بھی اپنا حصہ نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت سی پیک منصوبوں کو سیکورٹی دے رہی ہے۔دریں اثنا حکومت سندھ اور بیلجیئم اسٹیٹ ایجنسی کے مابین تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے معاہدے پر دستخط کئے گئے۔ وزیراعلیٰ نے بیلجین سفیر فریڈرک ورہیڈن کی زیر قیادت وفد کو بتایا کہ سندھ جدید کاشتکاری کے طریقوں پر سنجیدگی سے کام کررہاہے، صوبے میں کارپوریٹ کیٹل فارمنگ میں سرمایہ کاری کی بڑے پیمانے پر گنجائش موجود ہے۔ وفد نے رینیوایبل انرجی، اربن واٹرسپلائی اور بی آر ٹی کےمنصوبوں میں دلچسپی ظاہر کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More