اسلام آباد میں آسٹریلوی باشندہ پر اسرار طور پر ہلاک
اسلام آباد( کرائم رپورٹر ) آسٹریلوی باشندہ مارک ایڈمز پر اسرار طور پر ہلاک ہوگیا۔ذرائع کے مطابق انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن کے سیکیوٹی افسر اور آسٹریلین شہری مارک ایڈمز کو ان کے گھر سے بے ہوشی کی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زندگی کی بازی ہار گئے۔ذرائع کے مطابق آسٹریلین شہری مارک ایڈمز کی بے ہوشی کی خبر مدیحہ نامی ان کی اسسٹنٹ نے پولیس کو دی جن کی مدد سے انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا ۔اسسٹنٹ مدیحہ کا کہنا تھا کہ جب مارک ایڈمز دفتر نہیں پہنچے تو انہیں تشویش ہوئی اور وہ وجہ معلوم کرنے کے لیے ان کے گھر پہنچیں۔ان کا کہنا تھا کہ جب وہ اپنے منیجر کے گھر پہنچی تو وہ گھر کے کسی حصے میں نظر نہیں آئے ، باتھ روم کا دروازہ توڑنے پرمعلوم ہوا کہ وہ یہاں بے ہوشی کی حالت میں موجود ہیں۔مدیحہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس معاملے کی خبر پولیس کو دی، پولیس کے آنے کے بعد مارک ایڈمز کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زندگی کی بازی ہار گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ کوہسار پولیس نے مارک ایڈمز کی لاش تحویل میں لے لی ہے جبکہ پوسٹ مارٹم کے بعد قانونی کارروائی کی جائے گی۔