انور مجید اور بیٹوں کو 27 نومبر تک جواب الجواب جمع کرانے کی مہلت
کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے اومنی گروپ کے مالک انور مجید اور ان کے 3 بیٹوں کی جانب سے2011 کے ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے کے کیس میں وکیل صفائی کو جواب الجواب جمع کرانے کے لیئے 27 نومبر تک مہلت دیدی۔ جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے انورمجید اور بیٹوں کی ایف بی آر کے نوٹس کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت کی ۔عدالت میں ایف بی آر کے وکیل نے موقف اختیار کیا تھا کہ انور مجید، اے جی مجید، نمر مجید و علی کمال مجید کو ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کا نوٹس دیا گیا تھا اور وہ قانون کے تحت ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کے پابند ہیں۔ انور مجید اور دیگر نے 2010 کے بعد ٹیکس ریٹرن جمع نہیں کرایا۔ انور مجید اور ان کے بیٹوں نے عدالت میں موقف اپنایا کہ ایف بی آر 5 سال سے پہلے کا ٹیکس ریٹرن نہیں مانگ سکتا۔