صدر میں 24 دکانیں – سیکڑوں چھجے گرادیئے گئے – 6 گرفتار

0

کراچی(اسٹاف رپورٹر) بلدیہ عظمیٰ کے محکمہ انسداد تجاوزات نے صدر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کا آغاز کردیا ۔پہلے مرحلے میں 24دکانیں اور سیکڑوں چھجے گرا دئیے، جبکہ مزاحمت پر 6افراد کو گرفتار کرلیا ۔تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے احکامات پر صدر میں بھی تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کر دیا گیا ۔پہلے مرحلے میں راجہ غضنفر روڈ، داؤد پوتہ روڈ،پریڈی اسٹریٹ، ریگل چوک،پارکنگ پلازہ،زینب مارکیٹ،لکی اسٹار اور پاسپورٹ آفس کے اطراف ہیوی مشینری کے ذریعے آپریشن کیا گیا جو دوپہر 12بجے سے رات ساڑھے7بجے تک جاری رہا۔آپریشن کی نگرانی میٹرو پولیٹن کمشنر سید سیف الرحمن ،ڈائریکٹر انکروچمنٹ بشیر صدیقی سمیت اعلیٰ افسران کررہے تھے ۔ کارروائی میں رینجرز، پولیس، بلدیہ جنوبی اور شرقی، کنٹونمنٹ بورڈ، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ ، سوئی سدرن گیس اور کے الیکٹرک کے ذمہ داران نے بھی معاونت کی ۔ آپریشن کے دوران 24 دکانیں جبکہ سیکڑوں دکانوں کے چھجے بھی گرادیئے گئے۔ پارکنگ پلازہ اورپاسپورٹ آفس کے اطراف آپریشن کے خلاف احتجاج بھی کیا گیا جس پر سیکورٹی اداروں نے کارروائی کرکے6افراد کو گرفتار کرلیا ۔آپریشن کے حوالے سے میئر کراچی نے کہا کہ ا ہم ترین تجارتی مرکز صدر میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا گیا۔ کارروائی کر کے صدر کو اصل حالت میں بحال کرنے اور ایمپریس مارکیٹ کے اطراف سے علاقے کو خالی کرایا جائے گا ۔‘‘امت ’’کو ڈائریکٹر انکروچمنٹ بشیر صدیقی نے بتایا کہ صدر میں ایک ہفتے قبل ہی بینرز نصب کئے گئے تھے ، تاہم قبضہ مافیا کو لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے بھی آگاہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایاکہ پولیس اور رینجرز کے بھاری نفری آپریشن میں موجود ہے ۔ جہاں بھی مزاحمت کی جائے گی ۔وہاں فوری گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ ایمپریس مارکیٹ میں بڑے آپریشن کی تیاری مکمل کرلی ہے ، تاہم مذکورہ مقام پر ایک ہزار سے زائد دکانوں کو مسمار کیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More