معاشی شہ رگ چندر یگر روڈ فلائی اوور سے محروم

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ملک کی معاشی شہ رگ چندریگرروڈفلائی اوورسے تاحال محروم ہے۔کراچی کی اس مصروف ترین سڑک پر سب سے زیادہ تجارتی دفاتر اور بینک ہیں ، تاہم ٹریفک کے اژدھام کے باعث اس طرف جانا عوام کے لئے عذاب بن چکا ہے۔آئی آئی چندریگر روڈ اور اطراف ٹریفک کی روانی کے لئے پہلی باربےنظیر بھٹو کے دور حکومت میں شاہین کمپلیکس کے مقام پر انڈر پاس یا فلائی اوور تعمیر کرنے کی تجویز حکومت کے سامنے آئی۔ اس کے بعد 2008میں بھی پی پی حکومت قائم ہو نے پر اس کااعلان کیا گیا جس پرعملدرآمد نہیں ہوسکا۔ بعد ازاں پی پی کے گزشتہ دور حکومت میں جب سید مراد علی شاہ وزیر اعلیٰ سندھ بنے تو ان کی طرف سے شروع کئے گئے کراچی پیکج میں شاہین کمپلیکس کے مقام پر فلائی اوورتعمیر کرنے کا منصوبہ شامل کیا گیا ،تاہم بعد ازاں یہ کہہ کر مذکورہ منصوبے کو منسوخ کردیا گیا کہ آئی آئی چندریگر روڈ اور شاہین کمپلیکس کے مقام پر ٹریفک کی روانی بہتر ہوجائے گی ، لیکن وہاں سے تیزی سے گزرنے والی ٹریفک کی وجہ سے پی آئی ڈی سی ، فوارہ چوک اور میٹروپول ہوٹل کے قریب بدترین ٹریفک جام ہو گا۔ اس ضمن میں ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی آئی چندریگر روڈ ، فوارہ چوک ، میٹروپول ہوٹل اور پی آئی ڈی سی چورنگی کا شمار ریڈ زون میں آنے والے علاقو ں کے ساتھ انتہائی مصروف اور کاروباری علاقوں میں ہوتا ہے۔ حکومت سندھ جامع منصوبہ بندی کرکے مذکورہ تمام علاقوں میں ٹریفک کی روانی بہتر بناسکتی ہے ، کیونکہ یہ وہ علاقے ہیں جہاں زیادہ تجاوزات وغیرہ بھی نہیں ، تاہم ماہرین کے مطابق یہ بات ضرور ہے کہ شاہین کمپلیکس کے مقام پر فلائی اوور تعمیر ہونے سے مذکورہ علاقے کی بعض عمارتوں کی خوبصورتی اور ان کی ویلیو وغیرہ متاثر ہوسکتی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More