”ملک میں نیٹ بال کے کھیل میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں“
اسلام آباد(امت نیوز) پاکستان نیٹ بال فیڈریشن نے کہا ہے کہ ملک میں نیٹ بال کے کھیل میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے بلکہ حکومت سہولیات فراہم کرے تو انٹرنیشنل ٹیمیں پاکستان آکر کھیلنے کے لئے تیار ہیں، گذشتہ روز ”اے پی پی“ سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں کوئی بھی کھیل حکومتی اور سپانسر کی سرپرستی کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا، فیڈریشن کے پاس کم وسائل ہونے کے باعث پاکستان میں انٹرنیشنل سطح کے ایونٹس نہیں لائے جا سکتے اگر حکومت سہولیات ،مالی معاونت اور دیگر وسائل فراہم کرے تو انٹرنیشنل ٹیموں کو پاکستان لانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور پاکستانی عوام غیر ملکی کھلاڑیوں سے بے پناہ محبت کرتے ہیں،پاکستان نے نیٹ بال میں انٹرنیشنل سطح پر کئی میڈلز حاصل کر رکھے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے سالانہ گرانٹ بہت کم ملتی ہے اور اس گرانٹ میں بڑی مشکل سے ایک کورس یا ٹورنامنٹ منعقد ہوتا ہے اور حکومت کو فیڈریشن کی سالانہ گرانٹ میں اضافہ کرنا چاہے تاکہ کھلاڑیوں کی ہر انٹرنیشنل سطح کے ایونٹس میں نمائندگی ہوسکے، جب تک ہم انٹرنیشنل سطح کے ایونٹ میں کھلاڑیوں کو نہیں بھیجیں گے تو کھلاڑیوں کو سیکھنے کا کیسے موقع نہیں ملے گا۔
٭٭٭٭٭