تعلقات میں بہتری کیلئے کوششیں جاری رکھنے پرپاک – امریکہ اتفاق
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور امریکا کے اعلیٰ سطح کے وفد نے دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر روابط بڑھانے پر زور دیتے ہوئے دو طرفہ تعلقات میں بہتری اور علاقائی امن وامان سمیت مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کر لیا۔اسلام آباد میں امریکی پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری آف اسٹیٹ برائے جنوبی و وسطی ایشیا اور سفیر ایلِس ویلز اور وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام سے وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری دفترخارجہ آفتاب کھوکھر نے کی جبکہ وزارتِ داخلہ اور وزارت دفاع کے اعلیٰ افسران بھی وفد کا حصہ تھے۔مذاکرات میں پاکستانی وفد نے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کے فروغ کے لیے اقتصادی و تجارتی تعاون اور عوام کی سطح پر روابط کو بڑھانے پر زور دیا۔ملاقات میں افغانستان سمیت خطے میں سیکیورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور خاص کر افغانستان میں امن و عامہ کی صورت حال موضوع گفتگو رہی۔اس موقع پر ایلس ویلز کی سربراہی میں امریکی وفد نے زور دیا کہ خطے کا اہم ملک ہونے کے ناطے پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔دونوں ممالک کے وفود نے مذاکرات کے دوران دو طرفہ تعلقات میں بہتری اور علاقائی امن و امان سمیت مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔قبل ازیں امریکی سفیر اور پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری آف اسٹیٹ برائے جنوب و وسطی ایشیا ایلس ویلز اہم دورے پر اسلام آباد پہنچی تو حکومت پاکستان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے پیغام جاری کیا گیا کہ ایلس ویلز پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں کریں گی اور پاک-امریکا تعلقات، خطے کی صورتحال اور افغان مفاہمی عمل پر بھی گفتگو ہوگی۔ذرائع کا کہنا تھا کہ امریکی سفیر ایلس ویلز کی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کا بھی امکان ہے۔