ایمسٹرڈیم(امت نیوز) ترک اسلامی ثقافتی فیڈریشن نے ٹوئٹر سے مطالبہ کیا ہے کہ ملعون ڈچ سیاستدان گیرٹ ولڈرز کو بلاک کیا جائے۔ہالینڈ میں 144 مساجد کی نمائندگی کرنے والی ترک اسلامی ثقافتی فیڈریشن نے ٹوئٹر کو باقاعدہ درخواست میں کہاہے کہ گیرٹ ولڈرز نے اپنے نفرت انگیز ٹوئٹر پیغامات سے کئی ممالک میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کے لیے بنائے گئے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی ہے۔ان ممالک میں ترکی، پاکستان، تیونس، مراکش اور انڈونیشیا شامل ہیں۔ ترک اسلامی ثقافتی فیڈریشن کے مطابق ٹوئٹر نے ولڈرز کو ایک پلیٹ فارم مہیا کیا ہے جس کی مدد سے وہ دنیا بھر میں نفرت انگیزی کا مرتکب ہو رہا ہے۔اس کے باعث نہ صرف ولڈرز بلکہ ٹوئٹر بھی ان ممالک میں قابل سزا ہو چکا ہے۔ اگر ٹوئٹر نے تین ہفتوں کے اندر اندر اس کی درخواست کا جواب نہ دیا تو قانونی کارروائی کی جائے گی اور اگر ضرورت پڑی تو عدالت سے بھی رجوع کیا جائے گا۔