افسران-پارٹی رہنمائوں سے47گاڑیاں واپس لینے میں سندھ حکومت ناکام

0

کراچی (رپورٹ:نواز بھٹو) حکومت سندھ افسران اورپارٹی رہنماؤں سے 47 گاڑیاں واپس لینے میں ناکام ہو گئی ہے۔ بااثر شخصیات نے گزشتہ کئی برسوں سے ادارہ ترقیات لیاری کی 5 گاڑیاں اپنی تحویل میں لے رکھی ہیں۔ صوبائی حکومت کے تمام تر اقدامات کے باوجود درجنوں چہیتے افسران نے مختلف محکموں کی درجنوں گاڑیاں واپس نہیں کی ہیں۔مختلف محکموں کی طرف سے سی ٹی سی ڈپارٹمنٹ کو متعدد لیٹر لکھے جانے کے باوجود واپسی کے لئے عملی اقدامات نہیں کئے جا رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق 5 نومبر کو ادارہ ترقیات لیاری کی طرف سے محکمہ سروسز جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کو آرڈینیشن کے سیکشن آفیسر سی ٹی سی کو لکھے گئے لیٹر No.DG/ LDA/2018/247 میں کہا گیا ہے کہ متعدد افسران جو ادارہ ترقیات لیاری سے وابستہ رہے اور بعد میں ان کے تبادلے ہو گئے انہوں نے کئی برس گزر جانے کے باوجود گاڑیاں واپس نہیں کیں ۔ ذرائع کے مطابق ایل ڈی اے کی طرف سے گاڑیوں کی واپسی کے لئے ان افسران کو متعدد بار لیٹر لکھے جا چکے ہیں لیکن اس کے باوجود نہ تو گاڑیاں واپس کی جا رہی ہیں اور نہ ہی کوئی جواب دیا جاتا ہے۔ ایل ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ گاڑی نمبر ATZ-865 ٹویاٹا کرولا سابق وزیر بلدیات شرجیل انعام میمن کے پی اے اور قریبی رشتہ دار ارجیل رحمان میمن کے پاس ہے۔ گاڑی نمبر GS-447-B ٹویوٹا کرولا سابق سیکریٹری بلدیات عمران عطا سومرو کی تحویل میں ہے ، گاڑی نمبر GSA-065 ٹویوٹا ہائی لکس وگو سابق ڈی جی ایل ڈی اے اقبال میمن کے پاس ہے ۔گاڑی نمبر GL- 4258 سوزوکی کلٹس سابق وزیر بلدیات کے پرائیویٹ سیکریٹری اظہار احمد کے پاس ہے جبکہ گاڑی نمبر GL-7181 سوزوکی پوٹھوہار سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے انسپکٹر عرفان علی کے پاس ہے۔ذرائع کے مطابق گاڑیوں کی واپسی کے سلسلے میں محکمہ بلدیات قانونی چارہ جوئی کی تجویز پر غور کر رہا ہے تاہم ان افسران کو مقامی ایس ایس پی کی معرفت آخری نوٹس بھیجنے پر غور کر رہا ہے جبکہ نیب کی طرف سے سرکاری گاڑیوں کے غلط استعمال اور افسران کی طرف سے گاڑیاں واپس نہ کرنے کے معاملے پر کاروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق اس وقت مجموعی طور پر صوبائی حکومت کی 47 گاڑیاں غیر قانونی طور پر پیپلز پارٹی کے رہنماؤں ورکروں سابق مشیر اور وزیر اعلیٰ کے معاونین خصوصی کے زیر استعمال ہیں۔ صوبائی محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کی ایک رپورٹ کے مطابق بااثر سیاسی رہنما اور ان کے قریبی ساتھی بھی صوبائی حکومت کی گاڑیاں رولز کے خلاف استعمال کر رہے ہیں جبکہ بعض افسران خلاف ضابطہ ایک سے زائد گاڑیاں استعمال کر رہے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More