نوجوان کا سفاکانہ قتل-لاش ٹکڑے کرکے جلادی گئی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پورٹ قاسم سے 25 سالہ نوجوان کی تشدد زدہ لاش ملی۔سفاک ملزمان نے نوجوان کو قتل کرنے کے بعد دھڑ سے ٹانگیں الگ کردی تھیں، جبکہ شناخت چھپانے کے لیے لاش کو آگ بھی لگادی۔تفصیلات کے مطابق بن قاسم تھانے کی حدود پورٹ قاسم پل سے متصل کچے روڈ پر جھاڑیوں سے 25سالہ نوجوان کی تشدد زدہ لاش ملی۔ ایس ایچ او عارف رزاق نے بتایا کہ نوجوان کو نامعلوم ملزمان نے اغوا کرنے کے بعد بدترین تشدد کا نشانہ بناکر قتل کیا۔تیز دھار آلے کی مدد سے اس کی ٹانگیں دھڑ سے الگ کردیں۔ شناخت چھپانے کے لیے سفاک ملزمان نے لاش کو آگ بھی لگادی، جس کے باعث مقتول کا چہرہ جھلسنے کی وجہ سے شناخت میں مشکلات کا سامنا ہے۔ملزمان منگل اور بدھ کی درمیانی شب لاش اور ٹانگیں مذکورہ مقام پر پھینک کر فرار ہوگئے۔انہوں نے مزید بتایا کہ مقتول کی عمر 25سال کے درمیان ہے ۔