پشاور(نمائندہ امت) ضلع مہمند کے علاقے محمد گھاٹ میں بارودی سرنگ کو ناکارہ بناتے ہوئے 25 سالہ کیپٹن ضرغام فرید نے جام شہادت نوش کرلیا۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کے ایک اور بیٹے نے فرائض کی انجام دہی کے دوران جام شہادت نوش کرلیا، کیپٹن ضرغام فرید مہمند ضلع میں محمد گھاٹ میں بارودی سرنگ ناکارہ بناتے ہوئے شہید ہوئے۔ جب کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیم کے سپاہی ریحان شدید زخمی ہیں۔25سالہ شہید کیپٹن ضرغام کا تعلق جوہرآباد سے تھا اور وہ غیر شادی شدہ تھے۔ دریں اثنا کیپٹن ضرغام فرید شہیدکی نماز جنازہ پشاور میں ادا کی گئی،نمازہ جنازہ میں گورنر شاہ فرمان، صوبائی وزرا، کور کمانڈر پشاور،آئی جی ایف سی، ڈی جی آئی ایس پی آر اور دیگر عسکری حکام بھی شریک ہوئے۔ شہید کا جسد خاکی پورے فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی علاقے ٹبہ قائم دین جوہر آباد روانہ کر دیا گیا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختون محمود خان کیپٹن ضرغام فریدکی شہادت پر کورکمانڈر پشاورلیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر محمود سے تعزیت کےلئے آرمی میس پشاور گئے جہاں اُنہوں نے کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر محمود سے ضرغام فرید کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا ۔جبکہ شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے قریب بارودی مواد کا دھماکہ ، تین سکیورٹی اہلکار قاسم ، امجد اور ظہیر زخمی ہو گئے ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز کی گاڑی گڑیوم کے علاقہ روغہ بدر میں معمول کے مطابق گزشت پر تھی کہ سڑک کنارے پہلے سے نصب بارودی کی زد میں گاڑی آ گئی۔