نوشہرہ/رسالپور( بیورو رپورٹ،نامہ نگار) مولاناسمیع الحق شہید کی تعزیت کے لئے پانچویں روز بھی مہمانوں کی آمد کا اکوڑہ خٹک میں سلسلہ جاری ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق گورنر کے پی کے مسعود کوثر نے مولانا سمیع الحق شہید کی سیاسی و پارلیمانی جدوجہد پر انہیں خراج تحسین پیش کیا،ان کے ساتھ وفد میں سابق وزیرلیاقت شباب سمیت دیگر اہم رہنما شامل تھے،جماعت الدعوہ اور ملی مسلم لیگ کے وفد کی نمائندگی کرتے ہوئے پروفیسر حافظ محمد سعید نے مولاناسمیع الحق شہید کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ مولانا سمیع الحق جہد مسلسل سے استعارہ تھے،افغانستان کا جہاد ہو یا دفاع پاکستان کا مسئلہ ہرجگہ مولانا شہید قیادت کرتے نظر آتے تھے۔ مختلف تحریکوں میں ان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا،مولانامرحوم نے مذہبی وسیاسی اور جہادی قوتوں کو جس طرح خوبصورتی کے ساتھ متحد و منظم رکھا وہ اپنی مثال آپ ہے، اس وفد میں ان کے ساتھ ملی مسلم لیگ کے رہنما حافظ یعقوب شیخ،جناب خالد ولید،سمیت دیگر اہم رہنما شامل تھے۔ جمعیت اہل حدیث کے مرکزی سربراہ سینٹر علامہ ساجد میر نے وفد کے ساتھ دارالعلوم حقانیہ تشریف لائے ، انہوں نے مولانا شہید کی سیاسی ،ملی اوردینی خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ اتحاد امت اور استقامت پاکستان کے لئے مولانا مرحوم کی خدمات کو رہتی دنیا تک لوگ یاد رکھیں گے۔ جمعیت علمائے اسلام ف بنوں کے امیر سابق سینٹر قاری عبداللہ نے وفد کے ساتھ شرکت کی، اور مولانا مرحوم کو زبردست انداز میں خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہاکہ مولاناسمیع الحق شیخ الہند سے لے کر حسین احمد مدنی تک والے قافلہ حریت کے امین تھے۔ ان کے ساتھ وفد میں سابق ممبران صوبائی اسمبلی مولانا عبدالرازق مجددی اور قاری گل عظیم شامل تھے۔متحدہ جمعیت اہل حدیث کے سربراہ علامہ ضیاء اللہ شاہ بخاری نے تعزیت خطاب میں کہاکہ عنفوان شباب سے موالنا سمیع الحق کی قیادت میں کام کرنے کا موقع ملا،متحدہ شریعت محاذ سمیت کئی تحریکوں میں ان کے ساتھ شانہ بشانہ کام کیا۔ ہمیشہ ان کی قائدانہ صلاحیتوں او رنفاذ اسلام کے لئے ان کی انتھک جدوجہد کا معترف رہا ہوں۔ ان کے ساتھ وفد میں سید اسامہ بخاری، علامہ مقصود سلفی شامل تھے۔اسی طرح جمعیت اہل حدیث کے صوبائی صدر علامہ عبدالعزیز نورستانی نے وفد کے ہمراہ تعزیت کی ،وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی طرف سے مولانا ڈاکٹر عادل خان و مولانا مفتی عبیداللہ خالد،فرزندان شیخ سلیم اللہ خان بانی جامعہ فاروقیہ کراچی مولانا حسین احمد صوبائی مسئول وفاق المدارس ،مولانا زبیر احمد صدیقی مہتمم جامعہ فاروقیہ شجاع آباد اور علمائے کشمیر کی ایک بہت بڑا وفد نے مولانا امین الحق کی قیادت میں جبکہ جماعت اسلامی کے وفد نے ڈاکٹر طارق سلیم کی قیادت میں مولانا شہید کی تعزیت کی۔ اس کے علاوہ خاکسار تحریک کے قائدین نے مولانا شہید کی قبر پر سلامی پیش کی جبکہ تبلیغی جماعت کے بیرونی وفود نے ملائیشا اور افریقہ سے تعزیت کے لئے آئے۔ انصار الامہ کے سربراہ مولانا فضل الرحمن خلیل نے بھی مولانا مرحوم دینی جدوجہد پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا، جبکہ اکوڑہ خٹک میں مسلسل مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے ،مولانا سمیع الحق شہید کے جملہ پسماندگان حضرت مولانا انوار الحق حقانی، پروفیسرمحمود الحق حقانی، مولانا حامد الحق حقانی،مولانا راشد الحق سمیع،مولانا عرفان الحق حقانی،مولانا سید یوسف شاہ،مولانا سلمان الحق،مولانا لقمان الحق،اسامہ سمیع ، خزیمہ سمیع سمیت دارالعلوم کے اساتذہ اور دیگر خاندان حقانی کے افراد نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور دینی طبقات سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ مولانا مرحوم کی مغفرت اور رفع درجات کے لئے ختمات قرآن اور مجالس ذکر کا سلسلہ جاری رکھیں۔