امریکہ نےعافیہ کیس پرغور کرنے کی یقین دہانی کرادی

0

اسلام آباد(نمائندہ امت؍مانیٹرنگ ڈیسک) ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ امریکی معاون وزیرخارجہ ایلس ویلز نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے حوالے سے پاکستانی درخواست پر غور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ دفترخارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا معاملہ امریکی حکام کے ساتھ تواتر سے اٹھاتا رہتا ہے، امریکی نائب وزیرخارجہ ایلس ویلز کے ساتھ ملاقات میں بھی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا معاملہ اٹھایا گیا، اور امریکی حکام نے پاکستان کی درخواست پر غور کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ ہیوسٹن میں پاکستانی قونصل جنرل کی ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے باقاعدہ ملاقات بھی ہوتی ہے، ملاقات کا مقصد ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی صحت کے حوالے سے ان کے خاندان کو باخبر رکھنا ہے جب کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا کوئی پیغام ہو تو وہ بھی ان کے خاندان تک پہنچایا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی جلد ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن سے بھی اسلام آباد میں ملاقات کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستا ن کے دورے پر آنے والی امریکی نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز سے ملاقات کے دوران عافیہ صدیقی کا معاملہ اٹھایا۔ وزیر خارجہ نے مطالبہ کیا کہ امریکی حکومت عافیہ صدیقی کے معاملے میں بنیادی انسانی حقوق کو ضرور مدنظر رکھے۔انہوں نے عافیہ صدیقی کو امریکی جیل میں انسانیت سوز سلوک کا نشانہ بنائے جانے کے معاملے پر شدید تحفظات کا اظہار بھی کیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکا میں قید ڈاکٹرعافیہ صدیقی نے وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ میری سزا غیر قانونی ہے رہائی کے لیے عمران خان میری مدد کریں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More