زہریلی لسی کیس میں خاتون اور آشنا کو15-15بارعمرقید
مظفر گڑھ(امت نیوز) سسرالیوں کو زہریلی لسی پلانے کے مقدمہ میں خاتون اور اس کے آشنا کو پندرہ ،پندرہ بار عمر قید اور 30لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔ڈیرہ غازی خان کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ضلع مظفر گڑھ کے نواحی علاقہ کندائی میں زہریلی لسی پینے سے بڑی تعداد میں ہونے والی ہلاکتوں کے مشہور مقدمہ کا فیصلہ سنا دیا ۔عدالت نے جرم ثابت ہونے پر ملزمہ آسیہ بی بی اور اس کے مبینہ آشنا محمد شاہد کو پندرہ، پندرہ بار عمر قید اور تیس لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی۔ نامزد ملزمہ زرینہ بی بی کو شک کا فائدہ دے کر بری کر دیا گیا ہے۔فیصلہ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج شاکر حسن نے سنایا۔ استغاثہ کے مطابق ملزمہ آسیہ بی بی نے 30اکتوبر 2017ء کو اپنے مبینہ آشنا محمد شاہد سے مل کر اپنے خاوند محمد امجد کو جان سے مارنے کی غرض سے دودھ میں زہر ملایا اور بعد ازاں اسی دودھ سے بنائی جانے والی لسی کے پینے سے 7خواتین اور ایک بچے سمیت ایک ہی خاندان کے 16افراد جاں بحق جبکہ 29افراد متاثر ہوئے تھے۔