پولیس کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنا انتہائی ضروری ہے ۔ڈی جی رینجرز
کراچی(اسٹاف رپورٹر) ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید نےکہا ہے کہ پولیس کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنا انتہائی ضروری ہے۔ کراچی چیمبر کے دورے کے موقع پر انہوں نے کہا کہ سیف سٹی منصوبے کے تحت شہربھر میں معیار ی کیمرے نصب کرنا ہوں گے تاکہ جرائم پیشہ عناصر کی بآسانی شناخت ہو سکے جبکہ ٹریکر چپ والی نمبر پلیٹس متعارف کرانا ہو نگی جس پر عمل درآمد سے یقینا اسٹریٹ کرائم میں واضح کمی ہو گی۔ اجلاس میں بزنس مین گروپ کے چیئرمین سراج قاسم تیلی، وائس چیئرمین بی ایم جی ہارون فاروقی، کے سی سی آئی کے صدر جنید اسماعیل ماکڈا، سینئر نائب صدر خرم شہزاد،نائب صدر آصف شیخ جاوید،سابق صدور اے کیو خلیل،مجید عزیز، افتخار وہرہ،یونس محمد بشیر،شمیم احمد فرپو اور منیجنگ کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔ ڈی جی رینجرز نے کہا کہ سب سے پہلی اور بنیادی ضرورت یہی ہے کہ پولیس اہلکاروں اور کیمروں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے ۔انھوں نے کہاکہ کراچی میں پولیس کے پاس کوئی ہیلی کاپٹر، فرانزک لیب اور نہ ہی دوسری کوئی خصوصی فورس موجود ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ینجرز کے پاس بمشکل 4ہزار جوان دستیاب ہیں اور یہی اہلکار ہیں جنہوں نے کراچی کو دہشت گردوں، مجرموں سے گزشتہ 5برسوں میں صاف کردیا ۔۔ انہوں نے کہاکہ جرائم کی وارداتوں میں زیادہ تر موٹرسائیکل ستعمال ہوتا ہے لہٰذا یہ لازمی قرار دیاجائے کہ موٹرسائیکل کی تیاری کے وقت اس میں ٹریکر نصب کیا جائے ۔ ہر موٹرسائیکل میں ٹریکر نصب کرنے اور شہر بھر میں کیمروں کی تنصیب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے مجرموں کوجلد از جلد گرفتار کرنا آسان ہوگا۔