اسلام آباد/ کراچی (نمائندہ امت/اسٹاف رپورٹر/مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت نے تحریک لبیک سے مذاکرات میں یقین دہانی کرائی ہے کہ نظر ثانی اپیل کا فیصلہ ہونے تک آسیہ مسیح کو بیرون ملک نہیں بھیجا جائے گا۔جمعرات کو ایک ویڈیو بیان میں پیر افضل قادری نے بات چیت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ہم حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ حکومت اور حساس اداروں نے کہا ہے کہ ملعونہ پاکستان سے باہر نہیں گئی اور ملتان جیل سے رہائی کے بعد وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تحویل میں ہے۔ دفتر خارجہ نے بھی آسیہ مسیح کی بیرون ملک جانے کی اطلاعات مسترد کردیں اور کہا ہے کہ عدالتی حکم پر رہائی کے بعد اگرچہ آسیہ آزاد شہری ہے اور اس کی نقل و حرکت پر کوئی پابندی نہیں تاہم وہ پاکستان میں ہی ہے ، جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جھوٹی خبریں پھیلانا وطیرہ بن چکا ہے۔ پاکستان ایک خود مختار ملک ہے۔ ایسا نہیں ہے کہ کوئی غیر ملکی سفیر آئے اور کسی کو لے کر چلا جائے۔ اسی دوران متحدہ مجلس عمل میں شامل دینی جماعتوں، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت اور جے یو آئی (س) نے آج ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا ہے، جبکہ تحریک لبیک یوم عشق رسول ؐمنائے گی۔ تفصیلات کے مطابق دفترخارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ میں آسیہ کی بیرون ملک روانگی کی اطلاعات پر وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ آسیہ پاکستان میں محفوظ جگہ پر موجود ہے، میڈیا اس طرح کی خبروں سے پہلے تصدیق کر لیا کرے۔آسیہ اب آزاد شہری ہے، عدالتی فیصلے کے بعد جہاں جانا چاہتی ہے جاسکتی ہے، آزاد شہری کی نقل و حرکت پر کوئی پابندی نہیں۔ قانونی طور پر اگر ان کو باہر جانے سے روکا جا سکتا ہے تو وزارت داخلہ بتا سکتی ہے۔ایک سوال پر ترجمان نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف جمع کرائی گئی نظر ثانی پٹیشن عدالت میں ہے، اور جب اس کا فیصلہ ہوجائے گا تو وہ جب اور جہاں جانا چاہیں جاسکتی ہیں۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کا کوئی بھی آزاد شہری ویزا کے حصول کے بعد کہیں بھی جا سکتا ہے اور ہمیں اس پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد عدالتی روبکارملنے پرآسیہ مسیح کو گزشتہ روز ملتان جیل سے رہا کیا گیا تھا جس کے بعد مغربی میڈیا نے دعوی کیا تھا کہ آسیہ مسیح کو بیرون ملک لے جایا گیا ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کی اردو ویب سائٹ پر خبر چلائی گئی کہ آسیہ کو نیدرلینڈ لے جایا جارہا ہے اور طیارے میں ڈچ سفیر بھی سوار ہیں۔ ملعونہ آسیہ کے خلاف مقدمے کے مدعی محمد سالم نے رہائی سے متعلق عدالتی فیصلے کے خلاف نظرثانی کی اپیل دائر کر رکھی ہے، تاہم عدالت عظمی کے طرف سے اس اپیل کو ابھی تک سماعت کے لیے مقرر نہیں کیا گیا۔قانون کے مطابق نظرثانی کی اپیل کی سماعت بھی وہی بینچ کرتا ہے جس نے اس مقدمے کا فیصلہ دیا ہو۔دوسری جانب آسیہ کی رہائی پر تحریک لبیک پاکستان کے بانی پیر محمد افضل قادری نے جمعرات کو جاری ہونے والے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ اُنہیں حکومت اور حساس اداروں نے یقین دہانی کروائی ہے کہ آسیہ ملتان جیل سے رہائی کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تحویل میں ہے اور اس کو بیرون ملک نہیں بھیجا گیا۔اُنھوں نے کہا کہ حکومتی اداروں نے یہ بھی یقین دہانی کروائی ہے کہ جب تک نظرثانی کی اپیل پر فیصلہ نہیں ہوجاتا اس وقت تک آسیہ کو بیرون ملک نہیں بھیجا جائے گا۔اُنھوں نے کہا کہ ان کی جماعت کی قیادت حالات پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ ادھر مذہبی جماعتوں نے ملعونہ آسیہ کی رہائی کے خلاف آج بروز جمعہ ملک بھر میں یوم احتجاج منانے کا اعلان کیا ہے ۔ جماعت اسلامی ، متحدہ مجلس عمل، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت اور جمعیت علما اسلام (س) کے زیر اہتمام مظاہرے کیے جائیں گے۔آئمہ کرام جمعہ کے اجتماعات میں عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے حوالے سے آگہی دیں گے، جبکہ ملعونہ آسیہ کی رہائی کی مذمت کی جائے گی۔ عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے رہنمائوں مولانا اعجاز مصطفی ، قاضی احسان ، مولانا کلیم اللہ و دیگر نے کہا کہ ملعونہ آسیہ کی رہائی کا فیصلہ منظور نہیں۔مذہبی جماعتوں کے مطالبات کی منظوری تک پرامن احتجاج جاری رہے گا۔علما کرام خطبات جمعہ میں عقیدہ ختم نبوت اور ملعونہ آسیہ سمیت دیگر گستاخوں کے حوالے سے عوام کو آگہی دیں گے، جبکہ مساجد کے باہر مظاہرے بھی کیے جائیں گے۔متحدہ مجلس عمل نے ملعونہ آسیہ مسیح کو جیل سے رہا کرانے کے خلاف کراچی تا کشمور احتجاج کا اعلان کیا۔صوبائی ترجمان کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں بھرپور احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔صوبائی امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ حکومت ایک طرف پاکستان کو مدینے کی مثالی ریاست بنانے کے دعوے تو دوسری جانب اپنے مغربی آقاؤں کو خوش کرنے کیلئے ایسے متنازعہ فیصلے کررہی ہے، جس سے کروڑوں مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔جے یوآئی (س) کے رہنمائوں مولانا لیاقت علی شاہ ، حافظ احمد علی ، مفتی حماد اللہ و دیگر نے کہا کہ نماز جمعہ کے بعد مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے ہوں گے۔مولاناسمیع الحق کے قاتلوں کو گرفتار اور علمائے کرام کی سیکورٹی کو یقینی بنایا جائے۔جماعت اسلامی کراچی کے تحت مسجد خضرا صدر کے باہر ایک بجے مظاہرہ ہوگا ، جس سے حافظ نعیم الرحمن خطاب کریں گے۔دریں اثنا تحریک لبیک کے سربراہ اشرف آصف جلالی نے آج یوم عشق رسولؐ منانے کا اعلان کیا ہے ۔انہوں نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت معاہدے کے مطابق آسیہ ملعونہ کا نام فوری طور پر ای سی ایل میں ڈالے۔رہائی کے فیصلے میں بہت سے شرعی اور قانونی سقم موجود ہیں۔معاہدے کے مطابق علما کرام کو ججوں کے ساتھ بٹھایا اور دلائل کا موقع دیا جائے۔قانون ناموس رسالت کی جانب کسی کو میلی آنکھ سے بھی نہیں دیکھنے دیں گے۔ادھر تحریک لبیک پشاور کے ترجمان سید محرم شاہ نے کہا ہے کہ قیادت کی کال پر ہر قسم کے احتجاج کیلئے ہر وقت تیار ہیں۔
٭٭٭٭٭