صنعتی مسائل کے حل کیلئے سندھ انڈسٹریل لائژن کمیٹی کا اعلان

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وفاق اور صنعت کاروں کے مابین موثر رابطوں اور ان کے مسائل کے بروقت حل کے لئے سندھ انڈسٹریل لائژن کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب میں گورنر سندھ نے کہاکہ صنعتکاروں کے چھوٹے بڑے مسائل وفاقی حکومت تک پہنچانے کے لئے کوئی فورم موجود نہیں اور انہیں اسلام آباد کا رخ کرنا پڑتا ہے۔ اس ضمن میں صنعت کاروں کی سفارشات کے پیش نظر اس کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا جا رہا ہے، تاکہ ان کے مسائل فوری حل کئے جا سکیں۔ اس موقع پر کمیٹی کے کنوینئر زاہد سعید، زبیر حبیب، مظہر، جنید اسماعیل ماکڈا، دانش خان، طارق راشد، خو رشید احمد، سلیم پاریکھ، ضیا بشیر، نوید شکور، راجہ ایم الیاس بھی موجود تھے۔ گورنر سندھ نے کہاکہ پچھلے5سال کے دوران ملکی برآمد میں صفر فیصد اضافہ ہوا، جبکہ درآمد7فیصد بڑھیں۔ انہوں نے کہاکہ کراچی سب سے زیادہ ریونیو دینے والا شہر ہے، یہاں کے صنعتکاروں کے مسائل حل ہونگے، تو برآمدات اور ریونیو بڑھے گا، انہوں نے کہاکہ اس کمیٹی کا اجلاس باقاعدگی سے منعقد کیا جائے گا اور آج اس کا افتتاحی اجلاس میں جو مسائل اور سفارشات سامنے آئی ہیں۔ ان کے حل کیلئے اگلے اجلاس میں متعلقہ وزارتوں کے افسر اور وزرا کو مدعو کیا جائے گا، تاکہ انہیں موقع پر حل کیاجاسکے۔ قبل ازیں اسکول آف انٹرنیشنل ایجوکیشن کے طلبہ نے اساتذہ کے ہمراہ گورنر ہائوس کا دورہ کیا اور قائد اعظم کے زیر استعمال دفتر، ذاتی اشیا اور عمارت کے دیگر حصے دیکھے اور اس موقع پر بچوں کو قائد کے زیر استعمال اشیا اور کمروں کے دیگر حصے دیکھے۔ اس موقع پر بچوں کو قائد کے زیر استعمال اشیا اور کمروں کی تاریخی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔ بعدازاں گورنر کو اسکول انتظامیہ نے ڈیم فنڈ کے لئے چیک پیش کیا۔ دریں اثنا اطالوی قونصل جنرل اینارفینو نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، سرمایہ کاری، تجارت میں اضافہ اور سرمایہ کاری کے فروغ سمیت اہمیت کے حامل امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More