آئی جی سندھ نے تمام پولیس یونیفارمز باقاعدہ تبدیل کرنے کا حکم دیدیا
کراچی(اسٹاف رپورٹر) آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام نے حتمی مشاورت اور منظوری کے بعد سندھ پولیس کی یونیفارمز کو باقاعدہ تبدیل کرنیکے احکامات جاری کردیئے ہیں۔ یہ احکامات انہوں نے ڈی آئی جی آپریشن مقصود احمد کی سفارشات کا جائزہ لیتے ہوئے جاری کئے۔ ڈی آئی جی آپریشن نے خصوصی حوالوں پر مشتمل یونیفارمز کے 8 سے 10سیمپلز ناصرف آئی جی سندھ کو پیش کئے بلکہ مختلف کلرز کے ان یونیفارمز کو پہن کر پولیس اہلکاروں نے ڈیمو بھی دیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی سندھ کے علاوہ ہیڈکوارٹرزسندھ، ٹی اینڈ ٹی، آئی ٹی، فنانس کے ڈی آئی جیز اور آپریشنز سندھ، فنانس، لاجسٹکس کے اے آئی جیز کیساتھ ساتھ پی ایس او ٹو آئی جی سندھ بھی موجود تھے۔ دریں اثنا ترجمان سندھ پولیس نے الیکٹرانک/ پرنٹ/ سوشل میڈیا پر تھرڈ پارٹی کے بغیر پولیس میں بھرتیوں سے متعلق خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے اسے بے بنیاد قرار دیا ہے۔ وضاحتی بیان میں ترجمان نے کہا ہے کہ پولیس بھرتیوں میں میرٹ، شفافیت اور غیر جانبداری کا تسلسل جاری رہے گا۔