صدر میں دکانوں کی مسماری عدلیہ- حکومت کے کیخلاف سازش ہے- محمد رضوان
کراچی (بزنس رپورٹر) اہم مارکیٹوں پر اچانک دھاوا بول دینا ، غیر قانونی طوپر غیر قانونی طور پر دکانیں گرانا اور تاجروں کو بے توقیر کرکے ان سے دشمنوں جیسا سلوک کرنا ، دراصل حکومت اور عدلیہ کے خلاف راشی کے ایم سی کی گھنائونی سازش ہے یہ بات کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد رضوان نے الیکٹرونکس مارکیٹ صدر میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جبکہ معیشت تاریخ کے بدترین دور سے گزر رہی ہے۔ چھوٹے تاجروں پر سرکاری اداروں کا اچانک حملہ ناقابل فہم ہے۔ انہوں نے کہاکہ کے ایم سی کی کالی بھیڑیں حکومت کو ناکام بنانے کے لئے تخریب کاری پر اتر آئی ہیں، جس پر مقتدر قوتوں کو فوری ایکشن لینا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ عدالت نے سڑکوں اور فٹ پاتھ تجاوزات کے خاتمے کا حکم دیا تھا، لیکن راشتی افسران نے بلڈزروں سے حملہ کرکے دکانوں کے سائن بورڈ اور سن شیڈ مسمار کرڈالے، جن کے باقاعدہ واجبات ادا کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ خوف ہراس پھیلانے کیلئے متعدد ایسی دکانیں بھی مسمار کردیں جو لیز تھیں ۔انہوں نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی میں اضا فہ کرنے والے جگمگاتے بورڈ منہدم کرکے عروس البلاد کراچی کو سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ویران کیا گیا ہے ۔ کراچی کی مارکیٹوں کو کھنڈر بنادینے کا ٹاسک کے ایم سی کو کس نے دیا ہے؟۔