پولیس اختیارات کا معاملہ ایک بار پھر التوا ہونے کا امکان
کراچی (رپورٹ:ارشاد کھوکھر) گزشتہ تقریباً ایک برس سے اعلیٰ پولیس افسران کی تقرری و تبادلوں کے رولز بنانے کے معاملے میں مزید التوا کا امکان ہے اس ضمن میں اختیارات کے معاملے پر نئے آئی جی سندھ پولیس اور حکومت سندھ کے درمیان بھی اختلاف رائے برقرار ہے کل ہونے والے سندھ کابینہ کے اجلاس میں مذکورہ معاملے کے ساتھ تقریباً 3ماہ تاخیر کے بعد سرکاری گندم کی قیمت اجراکی منظوری کے ساتھ دیگرامورپرغورکیاجائےگا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے کل ہفتے کو طلب کردہ سندھ کابینہ کے اجلاس میں 17ایجنڈا کو شامل کیا گیا ہے جس میں 5نمبر پر سندھ پولیس میں تقرری و تبادلوں کے مجوزہ مسودے پر غورکرنا بھی شامل ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ تقریباً ایک برس سے اٹکا ہوا ہے عدالت نے اس ضمن میں احکامات جاری کئے تھے کہ پولیس میں تقرری و تبادلوں کے متعلق آئی جی سندھ مجوزہ ڈرافٹ تیار کرکے حکومت سندھ کودے گا اور حکومت مذکورہ مسودے سندھ کا بینہ کے اجلاس میں پیش کرے گی۔ کابینہ متفق ہونے کی صورت میں آئی جی سندھ پولیس کو انہی تجاویز کے ساتھ مسودے پر نظرثانی کرے گی اور اس کے بعد بھی آئی جی سندھ پولیس اور حکومت سندھ کے درمیان اتفاق نہ ہونے کی صورت میں عدالت خود بھی اس معاملے کو دیکھ سکتی ہے۔ یہ معاملہ سید مراد علی شاہ کے سابق دور حکومت میں پیش آیا تھا جب اے ڈی خواجہ آئی جی سندھ تھے۔ ان کے تیار کردہ قانونی مسودے پر سندھ کابینہ نے کئی نکات پر اعتراضات کئے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ آئی جی سندھ پولیس نے بھی یہ موقف اختیار کیا ہے کہ صو بے کی پولیس کے آپریشنل اتھارٹی وہ ہیں اس لئے اعلیٰ پولیس افسران کی تقرری و تبادلوں کے اختیارات آئی جی سندھ کو دئیے جائیں جس پر حکومت سندھ کے مختلف اعلیٰ حکام کو تحفظات ہیں مذکورہ مجوزہ مسودے پر ہفتے کے روز سندھ کابینہ کے اجلاس میں غور کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہناہے کہ کہ اس بات کا امکان ہے اس سلسلے میں کابینہ جائزہ لینے کے لئے کوئی کمیشن تشکیل دے سکتی ہے۔ دریں اثنا ذرائع کا کہناہے کہ حکومت سندھ کے پاس ریکارڈ 13لاکھ 64 ہزار ٹن گندم کے کے ذخائر پڑے ہوئے لیکن گندم کی قیمت اجرا کی منظور ی نہ ہونے کے باعث فلور ملوں کو سرکاری گندم کا اجرا بند ہے یہ پہلا موقع ہے کہ اس میں اتنی تاخیر کی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فی 100کلو گرام گندم قیمت اجرا 3250 روپے بحال رکھنے کا فیصلہ متوقع ہے اس کے علاوہ کابینہ کے اجلاس میں سندھ سول سرونٹس ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے لئے ایم ڈی کی تقرری کی منظوری سندھ جائیداد پروٹیکشن اتھارٹی کیلئے سفارشات ، پولیتھین بیگز پر پابندی کے متعلق بریفنگ کے ساتھ دیگر امور بھی کابینہ میں زیر غور آئیں گے۔