پی ٹی وی حملہ کیس میں 4وفاقی وزرا عدالت طلب
اسلام آباد(نمائندہ امت)انسداددہشتگردی کی خصوصی عدالت نے پی ٹی وی حملہ کیس میں 4وفاقی وزراء کو پیشی کا حکم دیا ہے ۔جج سید کوثرعباس زیدی نے گزشتہ روزسماعت کے دوران شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، اسدعمر اور شفقت محمود کے علاوہ جہانگیر ترین کو بھی اگلی تاریخ پر عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کر دی۔وزیر خزانہ اسدعمر،وزیر دفاع پرویز خٹک ،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی،شفقت محمود اور جہانگیر ترین کے وکلاء نے ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں جمع کرائیں ۔ وزیر اعظم عمران خان کے نمائندہ اور وکیل بابر اعوان کی جگہ ان کے معاون وکیل رائے تجمل عدالت میں پیش ہوئے۔فاضل عدالت نے حاضری سے ایک روز کیلئے استثنیٰ منظور کرتے ہوئے اگلی پیشی پر حاضر ہونے کی ہدایت کی جبکہ بابر اعوان کے معاون کو بھی حاضری لگا کر جانے کی اجازت دیتے ہوئے مزید سماعت 6دسمبر تک کیلئے ملتوی کر دی گئی۔واضح رہے کہ مذکورہ کیس میں عدالت نے وزیر اعظم عمران خان کو استثنیٰ دے رکھا ہے اور ان کی جگہ بابر اعوان عدالت میں پیش ہوتے ہیں۔