اشرف آصف جلالی کاآسیہ ملعونہ کیس میں جے آئی ٹی تشکیل دینے کا مطالبہ
راولپنڈی(خبر نگار خصوصی)تحریک لبیک اسلام کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا ہے کہ آسیہ ملعونہ کیس میں جے آئی ٹی تشکیل دی جائے۔ معاہدے کے مطابق عاصیہ کا نام ای سی ایل پر ڈالا جائے۔ رہائی کے فیصلے میں بہت سے شرعی اور آئینی سقم موجود ہیں، معاہدے کے مطابق ججز کو علماء کیساتھ بٹھایا جائے اور ہمیں دلائل کا موقع دیا جائے ۔حکومت ہمارے ساتھ کئے گئے معاہدے پر مکمل عمل درآمد کرے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک تحفظ ناموس رسالت کے سلسلہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ تحریک لبیک یا رسول اللہ ؐ کا منشور ناموس مصطفیٰ ؐ کی پاسبانی اور نظام مصطفیٰ ؐ کی حکمرانی ہے ۔ہم اپنے عظیم مقاصد کے لئے پرامن ، پر حمیّت اور مسلسل جدو جہد پر یقین رکھتے ہیں ۔پاکستان کے خمیر اور مزاج میں عشق رسول کی چاشنی موجود ہے لہٰذا یہاں کا بچہ بچہ ناموس رسالتؐ کیلئےکٹ مرنے کو تیار ہے ۔ہم قانون ناموس رسالت 295سی کی طرف کسی کو میلی آنکھ سے نہیں دیکھنے دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ حالیہ احتجاج کے دوران کچھ شرپسندوں نے ناموس رسالت کے مقدس مشن کو جلاوٴ گھراوٴ سے نقصان پہنچایا ایسے لوگوں سے تحریک لبیک یا رسول اللہ ؐ کا کوئی دور کا تعلق بھی نہیں ہے ۔قانون نافذ کرنے والے ادارے ان لوگوں کی شناخت کر کے تحریک تحفظ ناموس رسالت کے خلاف ہونے والی سازش کا پردہ چاک کریں ۔انہوں نے کہا قومی ایشوز پر افواج پاکستان کا کردار قابل تحسین رہا ہے ۔افواج پاکستان پر بلا وجہ تنقید کرنے والے ملک دشمن عناصر کو خوش کر رہے ہیں ۔پاک فوج ایمانی جذبہ اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بنیاد پر دنیا کی عظیم فوج ہے ۔تحریک تحفظ ناموس رسالت ؐکے اگلے مرحلے میں اسلام آباد میں ربیع الاول شریف میں لبیک یا رسول اللہ ؐ سیمینار کریں گے ۔