خشوگی کی لاش جلانے کیلئے استعمال تیزاب مل گیا۔الجزیرہ کا دعویٰ
انقرہ(مانیٹرنگ ڈیسک) قطر کے نشریاتی ادارے الجزیرہ نے دعویٰ کیا ہے کہ مقتول سعودی صحافی جمال خشوگی کی لاش کو جلانے کیلئے استعمال کئے جانے والا تیزاب کے نمونے مل گئے ۔الجزیرہ کے مطابق ترک اٹارنی جنرل دفتر کے حکام نے بتایا ہے کہ استنبول کے سعودی قونصل جنرل محمد العتیبی کے گھر میں موجود کنویں کی دیواروں سے تیزاب اور دیگر کیمیکل کے ذرات ملے جن سے صحافی جمال خشوگی کی لاش کے ٹکڑوں کو جلایا گیا ہوگا تاکہ باقیات کبھی نہ مل سکیں۔ترک اٹارنی جنرل کے دفتر کے اہم اہلکار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر الجزیرہ کو مزید بتایا کہ 16اور 17اکتوبر کی رات تفتیش کاروں کو سعودی قونصل جنرل کے گھر تک رسائی دی گئی تھی تاہم باغ اور کنویں تک جانے سے روکا گیا۔لیکن تفتیش کار کنویں کی دیواروں سے نمونے حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ۔ جن کے معائنے پر پتہ چلا کہ یہ خطرناک تیزاب اور کیمیکل کے ذرات ہیں جن سے گوشت کو بآسانی تحلیل کیا جا سکتا ہے۔