سندھ کو 91ء کے معاہدے کے تحت پانی دیا جائے۔مرتضی وہا ب
کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی مشیر اطلاعات، قانون اور اینٹی کرپشن بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے پانی کے 91ء کے معاہدے پر عملدرآمد نہ ہونے کی بات تسلیم کرنا سندھ حکومت کے موقف کی تائید ہے۔وفاق فوری طور پر پانی کے معاہدے پر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔ انہوں نے جمعہ کو سندھ اسمبلی اجلاس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی پریس کلب میں گزشتہ شب کارروائی غلط فہمی کی بنیاد پر تھی۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق جی ایس ایم لوکیٹر کی فریکوئنسی خراب ہونے سے غلط لوکیشن ظاہر ہوئی، تاہم اس کے باوجود حکومت اس معاملے کی تحقیقات کرے گی۔ سندھ حکومت صحافیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔صحافیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ صدر میں تجاوزات کے خلاف کارروائی شفاف ہے۔ حزب اختلاف صدر میں جاری آپریشن پر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ سے گریز کرے۔انہو ں نے کہا کہ صفورا گوٹھ سمیت جہاں بھی غیر قانونی ہائیڈرنٹس ہوں گے، کارروائی کریں گے۔