آسٹریلیا میں خنجر بردار کے حملے میں ایک شہری ہلاک-2زخمی
میلبورن(امت نیوز) آسٹریلیا میں خنجر بردار کے حملے میں ایک شہری ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔ حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا ہے، ملزم نے حملے سے پہلے گیس سلینڈرز سے لدے ٹرک کو بھی آگ لگائی تھی، تاہم واقعے میں جانی نقصان نہیں ہوا، دہشت گرد تنظیم داعش نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں خنجر بردار ملزم نے ایک شہری کو کاری وار کر کے ہلاک اور 2 راہگیروں کو زخمی کردیا۔ پولیس نے حملہ آور کو گولی ماردی جو زخمی حالت میں زیرعلاج ہے۔ صومالی نژاد ملزم نے چاقو حملے سے قبل سڑک کنارے کھڑے گیس سلینڈرز سے ٹرک کو بھی آگ لگائی تھی، تاہم آگ جلد بجھا دی گئی اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ریسکیو اداروں نے زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال پہنچایا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ آسٹریلوی حکام نے میڈیا کو زخمیوں سے متعلق معلومات فراہم نہیں کی ہیں۔