لاہور (نمائندہ امت) مرکزی امیر تحریک لبیک علامہ خادم حسین رضوی نے یوم اقبال کے موقع پر مزارِ اقبال پر منعقدہ لبیک یارسول اللہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نظریہِ پاکستان سے انحراف کرکے ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ پاکستان کلمہ طیبہ کی بنیاد پر قائم ہوا، اگر بنیاد ہی کمزور کر دی جائے تو ملک کیسے ترقی کر سکتا ہے۔ علامہ خادم حسین رضوی نے مزید کہا کہ علامہ اقبال سچے عاشق رسول اور ’’مصورِ پاکستان‘‘ تھے۔ یومِ اقبال کے موقع پر وزیراعظم اور صدر مملکت کی جانب سے صرف ایک ایک پیغام جاری کرنا کافی نہیں بلکہ پاکستان کی ترقی کے لیے علامہ اقبال کے نظریات پرعمل کرنا بھی ضروری ہے۔ علامہ اقبال کے نزدیک سیاست کے لیے مذہب اور مذہب کے لیے سیاست لازم و ملزوم تھے۔ انہوں نے فرمایا تھا کہ جدا ہو دین سیاست سے تو رہ جاتی ہے چنگیزی یعنی اگر سیاست سے مذہب جدا ہو جائے تو سیاست انسانیت پر بوجھ بن جائے گی۔علامہ رضوی نے مزید کہا کہ تحریک لبیک قائد و اقبال کے نظریات کی امین جماعت ہے۔ تحریک لبیک مملکت خداداد پاکستان کو قائد و اقبال کے نظریات کا حسین گہوارہ اور اسلامی فلاحی ریاست بنانا چاہتی ہے۔ ٹی ایل پی دن رات پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کررہی ہے۔ پاکستان لبرل ازم اور سیکولر ازم کے لیے نہیں بنا، اگر آج قائد و اقبال زندہ ہوتے تو شہید ممتاز قادری کی اسی طرح وکالت کرتے جیسے غازی علم الدین شہید کی وکالت کی تھی۔اس موقع پر تحریک لبیک کے ہزاروں کارکنان نے علامہ خادم حسین رضوی کی سرپرستی میں فاتحہ خوانی کی اور ملک و ملت کے حفاظت و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کیں اور مزار اقبال پر کئی من پھول نچھاور کیے گئے۔